کمپنی کی طرف سے ملازم کو دئے گئے فیول کارڈ (Fuel Card) سے اگر پیسے بچ جائیں، انہیں کیش کرانے کا حکم؟

سوال کا متن:

السلام علیکم، مفتی صاحب ! کمپنی نے پیٹرول کی مد میں ہمیں ماہانہ بارہ ہزار کا کارڈ بنوا کر دیا ہے، اب اگر مزید ضرورت پڑ جائے تو ہمیں اپنی جیب سے پیٹرول ڈلوانا پڑتا ہے، تو کیا اگر یہ پیسے بچ جائیں تو ان پیسوں کو اس کمپنی کی گاڑی میں یا اپنے ذاتی استعمال میں لا سکتے ہیں؟ نوٹ: بچے ہوئے پیسے اس طرح ہاتھ میں آتے ہیں کہ مثلاً اگر تین ہزار بچ جائے تو ہم پیٹرول پمپ والے سے بات کر کے کارڈ میں بچنے والی رقم دس پرسنٹ اسے دے کر کیش کروا لیتے ہیں۔ تنقیح: محترم! اس بات کی وضاحت فرمائیں کہ آپ جس کمپنی میں ملازم ہیں، اس پیٹرول کارڈ کے حوالے سے اس کی اصل پالیسی اور قانون کیا ہے؟ جس مہینے 12 ہزار روپے کے کارڈ سے پیسے بچ جائیں تو کیا اضافی پیسے یا پیٹرول کمپنی کے کام میں ہی استعمال کرنا لازم ہے یا آپ کو اجازت ملی ہوئی ہے کہ اضافی پیسے/پیٹرول خود استعمال کریں ؟ اسی طرح جب آپ 15 دن کی چھٹی پر جارہے ہوں تو ایسی صورت میں پیٹرول کارڈ کے حوالے کمپنی کا قانون کیا ہے ؟ ان باتوں کی وضاحت فرمائیں اس کے بعد آپ کے سوال کا جواب دیا جائے گا، ان شاء اللہ۔ جواب تنقیح: مفتی صاحب! بارہ ہزار روپے کا کارڈ ہمیں دے دیتے ہیں، اس کے بعد وہ بچ جائے یا وہ پورا ہو جائے، کمپنی کو اس سے کوئی غرض اور کوئی واسطہ نہیں ہوتا، حتیٰ کہ ہم چھٹی پر چلے جائیں، تب بھی وہ 12000 ہمارے استعمال کے لیے ہوتے ہیں۔

جواب کا متن:

مذکورہ صورت میں کمپنی کی طرف سے ملازم کو دئے گئے پیٹرول کارڈ (Fuel Card) سے 12 ہزار روپے کی حد تک پیٹرول استعمال کرنے کی اجازت دینے کا مطلب یہ ہے کہ دوران ماہ ملازم 12 ہزار کے اندر رہتے ہوئے پیٹرول استعمال کرسکتا ہے،چنانچہ ملازم نے گاڑی میں جتنا پیٹرول ڈلوایا، وہ اس کا مالک ہے، یہی وجہ ہے کہ اگر پیٹرول بچ جائے تو کمپنی کو واپس کرنا ضروری نہیں ہوتا، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کارڈ پر جتنے پیسے لکھے ہوں، ملازم ان کے بقدر پورے پیٹرول کا یا پیسوں کا مالک ہے، یہی وجہ ہے کہ اگر کسی مہینے میں 12 ہزار سے کم پیٹرول استعمال کرے، اور تین چار ہزار روپے کا پیٹرول بچ جائے، تو وہ بچی ہوئی مقدار ملازم کو واپس نہیں کی جاتی، بلکہ اگلے مہینے سے پھر نیا کھاتہ شروع ہوتا ہے۔(جیساکہ سائل سے مزید پوچھنے پر معلوم ہوا)
لہذا پیٹرول کارڈ کے استعمال کی مذکورہ پالیسی باہمی رضامندی سے شرعا درست ہے، یہ پیٹرول چونکہ کمپنی کی طرف سے اباحت کے طور پر محض استعمال کیلئے دیا جاتاہے، اس لئے گاڑی میں بچے ہوئے پیٹرول کو ذاتی استعمال میں لانا شرعا درست ہے، نیز اگر کمپنی کے قانون کے مطابق اگر اپنی گاڑی میں پیٹرول ڈلوانے کی اجازت ہو تو یہ بھی جائز ہے۔
البتہ چونکہ کمپنی کی طرف سے پیٹرول کارڈ پر لکھی ہوئی ساری مقدار کا ملازم کو مالک نہیں بنایا جاتا، (بلکہ جتنا پیٹرول ڈلوائے گا صرف اسی کے بقدر مالک ہوگا) اس لئے کارڈ سے بچے ہوئے پیسوں کو کیش کرانا شرعا درست نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

لما فی سنن الترمذي:
أن رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم: الصلح جائز بین المسلمین إلا صلحا حرم حلالا أو أحل حراما، والمسلمون علی شروطہم إلا شرطا حرم حلالا أو أحل حراما۔
(أبواب الأحکام، باب ما ذکر عن النبي صلی اﷲ علیہ وسلم في الصلح بین الناس، رقم:1352)

وفی الفتاوی الشامیہ:
قولہٗ (وکشرط طعام عبد وعلف دابۃ ) فی الظہیریۃ استاجر عبدا اودابۃ علیٰ ان یکون علفہا علی المستاجر ذکرفی الکتاب انہ لایجوز وقال الفقیہ ابواللیث فی الدابۃ ناخذ بقول المتقدمین امافی زماننا فالعبدیاکل من مال المستاجر عادۃ۱ھ وقال الحموی ای فیصح اشتراطہ واعترضہ بقولہ فرق بین الاکل من مال المستاجر بلاشرط ومنہ بشرط۱ھ اقول المعروف کالمشروط بہ یشرع کلام الفقیہ کما لایخفی علی النبیہ 
(ج6، ص47، ط۔ایچ ایم سعید کراچی)


واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

ماخذ :دار الافتاء الاخلاص کراچی
فتوی نمبر :4200