روزہ رکھنے کی وجہ سے سخت تکلیف ہو تو کیا کیا جائے؟

سوال کا متن:

السلام علیکم، مفتی صاحب! میری عمر تقریبا 50 سال ہے، اور میں بچپن سے رمضان کے پورے روزے رکھتا رہا ہوں، مگر اب رمضان کے مہینے میں روزہ رکھنے پر میں سخت تکلیف میں مبتلا ہوجاتا ہوں، روزے کی وجہ سے معدہ گیس پکڑ لیتا ہے، اسی وجہ سے دماغ پر اثر ہوتا ہے، اور دماغ پھٹنے لگتا ہے، منہ کا ذائقہ خراب ہو جاتا ہے، تو کیا ایسی صورت میں میں روزہ کا فدیہ دے سکتا ہوں یا نہیں؟

جواب کا متن:

واضح رہے کہ اگر روزے کی وجہ سے ایسی تکلیف ہوجاتی ہو، جسے برداشت کرنا دشوار ہو، اور آئندہ اس کے صحیح ہونے کی کوئی امید بھی نہ ہو، تو آپ روزے کے بدلے صدقہ فطر کی مقدار (پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت) کسی محتاج فقیر کو دے سکتے ہیں، لیکن اس کے بعد اگر آپ صحت یاب ہوجائیں، تو دوبارہ ان روزوں کی قضا کرنا ضروری ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

قال اللہ تعالیٰ:
وَ عَلَی الَّذِیْنَ یُطِیْقُوْنَہٗ فِدْیَۃٌ طَعَامُ مِسْکِیْنٍ۔ (سورہ بقرہ184)

کذا فی الدر مع الرد:
فصل فی العوارض المبیحہ لعدم الصوم۔۔۔۔۔۔۔او مریض خاف الزیادۃ لمرضہ وصحیح خاف المرض۔۔۔۔۔الخ
او مریض خاف الزیادۃ او ابطاء البرء او فساد عضو۔۔۔۔۔الخ(ج:2 ص:422)

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

ماخذ :دار الافتاء الاخلاص کراچی
فتوی نمبر :3117