بیماری بڑھنے کی وجہ سے روزہ چھوڑنا

سوال کا متن:

السلام علیکم، مفتی صاحب! اگر کوئی شخص بیمار ہو، اور اس کو قوی اندیشہ ہو کہ روزہ رکھنے کے بعد اس کی بیماری بڑھ جائے گی، اور ڈاکٹر کی رائے ہو کہ وہ ہر دو گھنٹے بعد پانی پی لیا کرے، تو ایسی صورت میں کیا وہ رمضان کا روزہ چھوڑ سکتا ہے؟

جواب کا متن:

واضح رہے کہ اگر مریض کا غالب گمان ہو، یا کسی مسلمان ماہر ڈاکٹر کا یہ کہنا ہو کہ روزہ رکھنے کی صورت میں بیماری کے بڑھنے کا اندیشہ ہے، تو ایسی صورت میں شرعاً روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے، البتہ تندرست ہونے کے بعد اس کی قضا لازم ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

کذا فی الھندیہ:
ومنھا المرض المریض اذا خاف علی نفسہ التلف او ذھاب عضو یفطر بالا جماع وان خاف زیادۃ العلۃ وامتداوہ فکذلک عندنا وعلیہ القضاء اذا فطر کذا فی المحیط، ثم معرفۃ ذالک باجتھاد المریض والاجتھاد غیر مجردا لو ھم بل ھو غلبۃ ظن عن امارۃ او تجربۃ اوباخبار طبیب مسلم۔۔۔۔الخ۔ (ج:1 ص:207)


واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

ماخذ :دار الافتاء الاخلاص کراچی
فتوی نمبر :3150