وضو پر دوبارہ وضو کرنا

سوال کا متن:

السلام علیکم، مفتی صاحب! اگر وضو ہو اور دوبارہ وضو کیا جائے تو پہلے والا وضو مکروہ ہو جائے گا یا اجر دوگنا ملے گا؟

جواب کا متن:

جس شخص کا پہلے سے وضو ہو، اس کے لیے دوبارہ وضو کرنا مستحب ہے، حدیث شریف میں آتا ہے کہ ایسے شخص کے لیے دس نیکیاں ہیں، لیکن شرط یہ ہے کہ اس نے پہلے وضو سے کوئی عبادتِ مقصودہ یعنی ایسی عبادت ادا کی ہو، جس کے لئے وضو کرنا شرط ہے، اور بغیر وضو کے وہ عبادت ادا نہیں ہوتی ہے، جیسے نماز اور سجدۂ تلاوت وغیرہ، اور اگر اس نے پہلے وضو سے کوئی عبادت سرے سے ادا ہی نہیں کی ہے، یا ادا کی ہے، لیکن ایسی عبادت ادا کی ہے، جس میں وضو کرنا شرط نہیں ہے، بلکہ وہ عبادت وضو کے بغیر بھی ادا ہوجاتی ہے، جیسے حفظ سے قرآن کریم کی تلاوت یا اذان وغیرہ، تو دوسری مرتبہ وضو کرنا اسراف میں داخل ہونے کی وجہ سے ممنوع اور مکروہ ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر مع الرد : (ج: 1، ص: 119، ط: دار الفکر)
أن الوضوء عبادة غير مقصودة لذاتها فإذا لم يؤد به عمل مما هو المقصود من شرعيته كالصلاة وسجدة التلاوة ومس المصحف ينبغي أن لا يشرع تكراره قربة؛ لكونه غير مقصود لذاته فيكون إسرافا محضا

الفتاوی المحمودیۃ:(ج: 5، ص: 56، ط: ادارۃ الفاروق)

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

ماخذ :دار الافتاء الاخلاص کراچی
فتوی نمبر :8316