یہودی اور عیسائیوں کے ذبیحہ کا حکم

سوال کا متن:

کیا یہودیوں کے یہاں پاک و حلال (گوشت) مسلمانوں کے لئے بھی حلال ہے چونکہ اکثر لوگ کہتے ہیں کہ وہ جانور کو ذبح کرتے وقت تکبیر پڑھتے ہیں۔

جواب کا متن:

ہمارے علم کے مُطابق اہل کتاب میں سے بعض مذہبی قسم کے یہود ذبیحہ پر خُدا کا نام لیکر ذبح کرتے ہیںاور شرائط ذبح کو ملحوظ رکھتے ہیں۔ ایسی صورت میں ان کا ذبیحہ کھانے کی گنجائش تو ہے لیکن یہ بات کہ ذبیحہ کا مطلوبہ گوشت آیا ایسے یہود کا ذبح کردہ ہے جو شرائط و ضوابط کا خیال رکھتے ہیں یا ان کا ذبیحہ ہے جو اس بات کا خیال نہیں رکھتے ہیں اس کو معلوم کرنا دشوار ہے نیز وہ یہود کا ذبیحہ ہی ہے تو انہیں ذبح کی شرائط کا مکمل علم ہے یا نہیں؟ اور انہوں نے ان کی پابندی اختیار کی ہے یا نہیں؟ یہ سب باتیں قابل حل رہتی ہیں۔ اس لئے عمومی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ جو ذبیحۂ یہود ہو تو اس کو کھانے کی گنجائش دی جائے جب تک کہ معتبرذرائع سے یہ معلوم نہ ہو جائے کہ اہل کتاب نے مذکورہ ذبیحہ شرعی شرائط و ضوابط کو ملحوظ رکھتے ہوئے کیا ہے۔
ماخذ :دار الافتاء جامعہ اشرفیہ لاہور
فتوی نمبر :853