شادی اور مالی حالت میں بہتری کے لیے وظیفہ

سوال کا متن:

میری عمر 27 برس ہونے والی ہے، غیر شادی شدہ ہوں، پچھلے 3 سالوں سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہوں جب کہ پچھلے 8 ماہ سے بےروزگار ہوچکاہوں، نوکری ڈھونڈنے کی لاکھ کوششوں اور متعدد بار انٹرویوز دینے کے باوجود کہیں سے کوئی رسپانس نہیں آرہا، گھر میں بوڑھی ماں ہے جس کی ہروقت فکر رہتی ہے کہ کسی طرح اس کو حج یا کم سے کم عمرہ کراسکوں اور اپنی مستقبل کی بھی فکر رہتی ہے؛ کیوں کہ  گاؤں میں میری عمر کے لڑکوں کے بچے بھی بڑے ہورہے ہیں جب کہ میری منگنی تک نہ ہوسکی، اور اس کی وجہ مالی مشکلات ہیں، ہمارے ہاں جہیز نہیں لیتے لڑکی سے، مگر لڑکا اگر مالی مشکلات سے دوچار ہو تو اسے کوئی رشتہ دینے کو تیار نہیں ہوتا۔ براہِ مہربانی اس مصیبت سے نکلنے  کے لیے کوئی وظیفہ تجویز  کیجیے گا اور ان حالات کی وجوہات بھی بتائے گا؛ کیوں کہ  نماز کی بھی پابندی کرتاہوں، زنا، شراب نوشی وغیرہ سے بھی اللہ تعالیٰ نے بچاکے رکھاہواہے۔

جواب کا متن:

دنیوی آزمائش یا پریشانی کی وجہ صرف گناہ ہی نہیں ہوتے، بلکہ ان کے پیچھے بے شمار حکمتیں ہوسکتی ہیں، اس لیے اگر نماز، روزہ اور نیک اعمال کے باوجود آزمائش کا سامنا ہو تو بھی نیک اعمال نہیں چھوڑنے چاہییں، کیوں کہ عبادت تو ہوتی  ہی بے لوث و بے غرض ہے، عبادت کا بدلہ دنیا میں مانگنا اور تلاش کرنا روحِ عبادت کے خلاف ہے، تاہم عافیت کی دعا بھی مانگتے رہنا چاہیے، اور اللہ جل شانہ کی بے شمار وہ نعمتیں جن سے دن رات ہم مستفید ہوتے رہتے ہیں انہیں سوچتے رہنا چاہیے، اور ان پر شکر ادا کرتے رہنا چاہیے، اس سے زندگی میں جہاں سکون بڑھے گا، وہیں نعمتوں میں اضافہ بھی ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ درج ذیل وظائف کا اہتمام کیجیے:

رشتے کے لیے وظیفہ:

آپ اور آپ کی والدہ  پنج وقتہ نماز کا اہتمام کریں، اور فرض نمازوں کے بعد اور تہجد میں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں، نیز درج ذیل وظائف میں سے کوئی بھی پڑھ سکتے ہیں:

1- نمازِعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ دعاکریں۔(آپ کے مسائل اور ان کا حل، ج:4، ص:251، ط:مکتبہ لدھیانوی)

2- { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔

3- نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:

’’وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَكَّلْ عَلَى اللهِ فَهُوَ حَسْبُه“۔

4- صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔

مالی حالت کی بہتری کے لیے وظیفہ:

1- استغفار کی کثرت کریں، اس پر فراوانی رزق کا وعدہ قرآنِ مجید و احادیث مبارکہ میں موجود ہے۔

2-   فرض نمازوں كي پابندی کا اہتمام کریں ،اس کے  ساتھ ساتھ   فجر  کی نماز کے بعد ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق میں برکت ہو گی:

 اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ ( الشورٰي)

3-    ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

4-  ہر مشکل اور پریشانی کے حل کے لیے مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں ۔

’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔(سنن ابی داود)

نیز اگر آپ کسی گناہ میں مبتلا نہیں ہیں تو ایسے حالات کو غیر اختیاری سمجھیں اور ان حالات میں وجوہات ڈھونڈنے کی بجائے اللہ کی طرف رجوع رکھیں۔

فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144309101311
تاریخ اجراء :22-04-2022