قرآن مکمل کیے بغیر اس کا ثواب بخشنا

سوال کا متن:

کیا قرآن مکمل تیس پارے پڑھے بنا ختم القرآن پڑھ کے اس کا ایصالِ ثواب کر سکتے ہیں؟ جب کہ دو یا تین پارے باقی ہوں اور باقی بعد میں مکمل کر لیں۔

جواب کا متن:

اگر قرآن پڑھ کر کسی کو ایصال ثواب کرنا ہو تو جتنا بھی پڑھا ہو و ہ ایصالِ ثواب کیا جا سکتا ہے، خواہ ایک سورت ہی کیوں نہ پڑھی ہو۔

نیز روایات  میں آتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص قرآن ختم کرتا ہے اس کی دعا قبول ہوتی ہے، اس سے پتا چلا کہ دعا کی قبولیت کے مواقع میں سے ایک موقع ختمِ قرآن کا بھی ہے،  اس لیے ختمِ قرآن کے موقع پر زیادہ سے زیادہ دعا کرنی چاہیے، اور اگر کچھ پارے باقی ہوں اور دعا کرنا چاہیں تو بھی دعا کی جا سکتی ہے، تاہم ایسی صورت میں جتنے پارے پڑھے ہوں ان کا ایصالِ ثواب کیا جائے گا، جو پارے ابھی نہیں پڑھے ان کا ثواب پڑھنے کے بعد حاصل ہوگا، اور اس کا ایصالِ ثواب بھی پڑھنے کے بعد ہوگا۔

المعجم الكبير للطبراني (18/ 259):
"عن العرباض بن سارية قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من صلى صلاةً فريضةً فله دعوة مستجابة، ومن ختم القرآن فله دعوة مستجابة»". 
فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008201609
تاریخ اجراء :27-05-2019