نوکری کے حصول کے لیے وظیفہ

سوال کا متن:

بہتر رزقِ حلال کی کوشش میں میں دبئی گیا تھا، آج ایک مہینہ رہنے کے بعد واپسی کا چھٹا روز ہے،  لیکن وہاں بھی مستقل ملازمت نہ ہو پائی، بلکہ ایک دو جگہوں پر کام کی سیٹنگز بنی ہیں  اور وہاں میں پاس ہوگیا انہوں نے کہا:  آپ پاکستان جاؤ آپ کو ورک ویزا بھیج دیں گے اور ایک دو دن کے بعد کنفرم جاب کا بتائیں گے۔ اب میں یہاں بس اللہ ہی سے دعا کر رہا ہوں کہ جلد وہاں میری ملازمت ہو جاۓ. ہم والد والدہ سمیت پانچ بھائی اور ایک بہن ہیں،  ہم کراۓ کے مکان میں رہتے ہیں، کراچی اورنگی کے رہائشی ہیں، مجھ سمیت تین بھائی کام کرتے ہیں، والد صاحب بیماری کے باعث کام نہیں کرتے، لیکن اللہ کا شکر ہے عصا کے سہارے چل پھر سکتے ہیں، لیکن قوت نہیں ہے. کہنے کا مقصد ہے تنگ دستی بہت رہتی ہے، آمدن  کے ذرائع بہت کم ہیں، میں درزی کا کام کرتا ہوں. اور اسی سلسلے میں دبئی بھی گیا، لیکن کوئی معقول نتیجہ نہیں نکلا، لیکن پھر بھی اللہ کی ذات سے مایوس نہیں ہوں؛  کیوں کہ وہاں سے  ملازمت آنے کا امکان ہے. براۓ مہربانی کچھ وظیفہ وغیرہ بتادیں  کہ جلد وہاں سے ملازمت آجاۓ، اور کم سے کم ہمارا اپنا مکان ہوجاۓ؛ کیوں کہ کرایا دے دے کر جان نکل چکی ہے .  اگر جواب جلد آپ دے سکتے ہیں تو آپ کی بہت مہربانی ہوگی. قرض لے کر دبئی ویزٹ ویزا پر گیا تھا ملازمت کے لیے۔

جواب کا متن:

آپ پانچ وقت نماز کا اہتمام کریں استغفار کی کثرت اور  ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ"

اور جب بھی وضو کیا کریں دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:

"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ" ۔فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144004200896
تاریخ اجراء :29-01-2019