خاتمہ بالخیر کا نسخہ

سوال کا متن:

 میری ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ میرا خاتمہ نماز میں سجدے کی حالت میں ہو اور اس کے لیے میں ہمیشہ دعا بھی کرتا ہوں. میرا سوال یہ ہے کہ کیا میرا ایسا کرنا صحیح ہے؟  اور اس کے لیے کوئی وظیفہ  ہوتو عنایت کریں، نوازش ہوگی. ساتھ ہی آپ حضرات سے میرےاور میرے خاندان کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔

جواب کا متن:

آپ کی یہ خواہش لائقِ تحسین ہے، زہے نصیب! اللہ تعالیٰ آپ کو یہ مقبول سعادت عطا فرمادیں!  ہر مسلمان کو ہر وقت حسنِ خاتمہ کے لیے دعا گو رہنا چاہیے، علماء نے لکھا ہے کہ جو شخص حسنِ خاتمہ کا خواہش مند ہو اس کو یہ دعا کثرت سے مانگنی  چاہیے:

رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنَا وَهَبْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ رَحْمَةً إِنَّكَ أَنْتَ الْوَهَّابُ

اس دعا کی برکت سے ان شاء اللہ خاتمہ بالخیر  نصیب ہو گا، اسی طرح فقہاءِ کرام نے لکھا ہے کہ مسواک کی سنت کے منافع میں سے موت کے وقت کلمۂ شہادت کا یاد آنا بھی ہے؛ لہذا مسواک کا بھی خوب اہتمام کرنا چاہیے، یہ عمل بھی حسنِ خاتمہ کے لیے بہت مفید ہے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو خاتمہ بالخیر نصیب فرمائیں۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144004201020
تاریخ اجراء :05-02-2019