باسکن رابن ( BASKIN ROBIN ) کی آئس کریم اور کیک کا حکم

سوال کا متن:

کیا باسکن رابن ( BASKIN ROBIN ) کی آئس کریم اور کیک حلال ہیں ؟ باسکن رابن امریکہ کی دکان ہے جو آئس کریم اور کیک کے ساتھ خاص ہے. اس کی شاخیں کراچی میں بھی ہیں .

جواب کا متن:

مذکورہ  کمپنی کی آئس کریم اور کیک سے متعلق ہمیں تحقیق نہیں ہے، اصولی جواب یہ ہے کہ  اگر ان کی آئس کریم  اور کیک میں کوئی حرام چیز شامل نہ ہو اور اسی طرح حرام جانوروں سے حاصل شدہ یا حلال جانوروں کو غیر شرعی طریقہ سے ذبح کرکے حاصل کردہ  جیلاٹین شامل نہ ہو تو اس کا کھانا جائز ہوگا، اور اگر کوئی حرام چیز شامل ہو تو کھانا جائز نہیں ہوگا، اس کے لیے کسی  مستند حلال سرٹیفکشن کے ادارے (مثلاً سنہا S.A.N.H.A وغیرہ )سے تصدیق کی جاسکتی ہے۔

باقی گوشت کے علاوہ  کھانے پینے کی وہ اشیاء جن کا حکم شریعت میں صراحتاً موجود نہ ہو ان کے بارے میں اصول یہ ہے کہ جب تک ان میں کسی حرام چیز کے موجود ہونے کی یقینی دلیل یا ظنِ غالب قائم نہ ہوجائے تب تک اس کو حرام نہیں کہا جائے گا،  تاہم اگر کسی دلیل کی وجہ  سے اس میں شبہ پیدا ہوگیا ہو، لیکن یقینی یا ظن غالب کے درجے میں دلیل نہ ہو تو  اس شبہ کی وجہ سے اس سے احتیاط کرنا چاہیے۔فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008200665
تاریخ اجراء :02-05-2019