رمضان میں افطاری کی مد میں آئی اشیاء بچ جائیں تو رمضان کے بعد ان کا کیا کیا جائے؟

سوال کا متن:

ہمارے  پاس افطاری کی مد میں کچھ شربت کی بوتلیں اور چینی وغیرہ آئی تھیں, اب رمضان المبارک مکمل ہونے کے بعد جو سامان بچ گیا ہے, اس کا کیا کیا جائے؟

جواب کا متن:

صورتِ مسئولہ میں اگر روزہ داروں کی افطاری کے لیے مذکورہ اشیاء دینے والے افراد معلوم ہوں تو ان کی اجازت سے  اس کو کسی دوسری مد میں بھی خرچ کیا جاسکتا ہے، اگر مذکورہ افراد معلوم نہ ہوں تو اگر کہیں رمضان المبارک کے علاوہ نفلی روزے داروں کے لیے افطاری کی ترتیب بن سکتی ہو تو ان کو دے دیا جائے، اور اگر یہ مشکل ہو یا اس انتظار میں ان اشیاء کے خراب ہونے کا اندیشہ ہو تو فقراء اور غرباء میں تقسیم کردیا جائے۔

فتح القدير للكمال ابن الهمام (6/ 214):
"ومنها ما ذكر في البرامكة. قال أبو يوسف: إذا انقرض الموقوف عليهم يصرف الوقف إلى الفقراء".
 فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144010200059
تاریخ اجراء :13-06-2019