خوارج سے متعلق حضرت علی رضی اللہ کے قول اخواننا بغوا علینا کی تحقیق

سوال کا متن:

کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ میں کہ:  زید کہتا ہے کہ: خوارج ہمارے اسلامی بھائی ہیں اور اس پر وہ دلیل یہ دیتا ہے کہ :خوارج کے متعلق حضرت علی نے فرمایا:

جواب کا متن:

کتب حدٰیث کے تتبع سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یہ قول  (هولاء اخواننا قد بغوا علینا)  اھل جمل یعنی حضرت معاویہ  رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کے  بارے میں تھا، خوارج کے بارے میں نہیں تھا۔

روایت ملاحظہ ہو:  سُئِلَ عَلِی ، عَنْ أَهلِ الْجَمَلِ ، قَالَ : قِیلَ : أَمُشْرِکونَ همْ ، قَالَ : مِنَ الشِّرْک فَرُّوا ، قِیلَ : أَمُنَافِقُونَ همْ ، قَالَ : إِنَّ الْمُنَافِقِینَ لاَ یذْکرُونَ اللَّه إِلاَّ قَلِیلاً ، قِیلَ : فَمَا همْ ، قَالَ : إخْوَانُنَا بَغَوْا عَلَینَا. ذکره  البیهقی فی السنن الکبری (8/173.182 )وابن أبی شیبة فی المصنف(15/332 )۔

 خوارج کے بارے میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے الفاظ یہ ہیں ( قوم بغوا علینا)،  اخوانناکے الفاظ ثابت نہیں ۔

 ملاحظہ ہو:  فقد روی عبد الرزاق(10/150 ) وابن أبی شیبة ( 15/332 ) وابن نصر فی تعظیم قدر الصلاة(591-594 ) والبیهقی( 8/174 ) عن طارق بن شهاب قال:( کنت عند علی فسئل عن أهل النهروان أهم مشرکون؟ قال: من الشرک فروا۔ قیل: فمنافقون هم؟ قال: إن المنافقین لایذکرون الله إلا قلیلا ۔ قیل له: فما هم؟ قال قوم بغوا علینا)۔

البتہ علامہ ابن کثیر نے «البدایة النهایة » میں خوارج سے متعلق حضرت علی رضی اللہ کے الفاظ جو نقل کیے ہیں اس میں اخواننا  کے الفاظ ہیں، لیکن اس روایت میں ایک راوی  ھیثم ابن عدی بھی ہے، جس کو   محدثین کی ایک بڑی تعداد نے منکر الحدیث اور کذاب کہا ہے،کما فی ترجمته فی تاریخ بغداد(14/50 )

لہذا مستند اور صحیح روایات کے مطابق  حضرت علی رضی اللہ عنہ نے خوارج کو اسلامی بھائی قرار نہیں دیا، بلکہ یہ قول  جنگ جمل کے موقع پر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کے بارے میں کہا تھا ۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143809200001
تاریخ اجراء :31-05-2017