قادیانی کے خلاف حضرت گنگوہی کا فتوی

سوال کا متن:

السلام علیکم کتاب المھند کے صفحہ 86 پر یہ لکھا ہے کہ مولانا رشید احمد گنگوہی کا فتوی ہے کہ قادیانی کافر ہے، یہ ایک بریلوی صاحب کا اعتراض ہے کہ المھند میں غلط حوالہ دیا گیا ہے اور مولانا رشید صاحب کا ایسا کوئی فتوی ہے ہی نہں۔ تو برائے کرم مجھے مولانا رشید صاحب کے فتوے کا حوالہ دے دیں کہ انھوں نے کہاں قادیانی کو کافر کہا ہے۔ جزاک اللہ

جواب کا متن:

کتاب باقیات فتاویٰ رشیدیہ میں مرزا قادیانی کے بارے حضرت مولانا گنگوہی رحمہ اللہ کے فتاوی موجود ہیں، جن کی عبارت درج ذیل ہے: مرزا غلام احمد قادیانی، بوجہ ان تاویلات فاسدہ اور ہفوات باطلہ کے، منجملہ دجالوں کذابوں کے، خارج از طریقہ اہل سنت و داخل زمرہ اہل اہواء ہے، اور اس کے اتباع بھی مثل اس کے ہیں۔ مرزا غلام احمد قادیانی کے کلمات و دعاوی، جہاں تک مجھے معلوم ہوئے، بیشک موجب فسق ہیں، اور قطعا فاسق و ضال و مضل اور داخل فرقہائے مبتدعہ و اہل ہوا ہے۔ اس سے اور اس کے پیروان سے ملنا ہرگز ہرگز جائز نہیں اور جو لوگ اس کی تکفیر کرتے ہیں، وہ بھی حق پر ہیں باقیات فتاوی رشیدیہ، ص:37-38، ط: حضرت مفتی الٰہی بخش اکیڈمی کاندھلہ یوپی انڈیا
ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143408200005
تاریخ اجراء :11-06-2013