نو چندی جمرات کی حقیقت اور اس سے متعلق بے بنیاد عقائد و بدعات کا بیان

سوال کا متن:

نو چندی جمعرات کیا ہے؟ اور کب آتا ہے؟

جواب کا متن:

قمری (چاند کے حساب والے) مہینے کی پہلی جمعرات عوام میں نو چندی جمعرات کے نام سے مشہور ہے، اور اس جمعرات سے متعلق عوام میں مختلف قسم کے غلط عقائد مشہور ہیں، مثلاً اس جمعرات کو دینی اعتبار سے زیادہ بابرکت سمجھنا، اس رات کو دعا کی زیادہ قبولیت والا سمجھنا، اس رات میں مختلف قسم کی عبادات کرنا اور مزارات پر حاضری دینا وغیرہ، تو اس کا حکم یہ ہے کہ یہ سارے عقائد غلط  و بے اصل ہیں، اس جمعرات کو الگ سے اس طرح کی کوئی فضیلت حاصل نہیں ہے، اور نہ ہی اس جمعرات میں کوئی خاص عبادت کرنا شریعت میں ثابت ہے، لہٰذا اس غلط عقیدے کے ساتھ ایسے اعمال کرنا بدعت کہلائیں گے، اس سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔

البتہ بعض متبع سنت بزرگوں نے اپنے بعض جائز عملیات اور وظائف کو نو چندی جمعرات میں کرنے کو اپنے تجربہ کی بنیاد پر زیادہ مفید بتلایا ہے تو اس کی حیثیت ایسی ہے جیسے کوئی ڈاکٹر یا طبیب اپنے تجربہ کی بنیاد پر کسی خاص دوائی کو کسی خاص مقدار اور خاص وقت میں استعمال کرنے کو علاج کے لیے زیادہ مفید بتلائے، لہٰذا ا س سے اس  کی کوئی شرعی حیثیت یا فضیلت ثابت نہیں ہوتی اور نہ ہی ان بزرگوں کا یہ مقصد ہوتا ہے، بلکہ اس کی حیثیت محض ان بزرگوں کے مجربات کی ہوگی۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008200022
تاریخ اجراء :07-04-2019