جمعہ اور رمضان کی مبارک باد دینا

سوال کا متن:

ہر جمعہ کو جمعہ مبارک کے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ لوگوں کو کرنا کیسا عمل ہے؟

نیز رمضان میں پہلی سحری، پہلی افطاری، پہلا روزہ ، دوسرا روزہ اسی طرح ہر روزہ کی مبارک کے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات کرنا کیا جائز اور اچھا عمل ہے؟ وضاحت فرمادیں۔

جواب کا متن:

جمعہ کی مبارک باد کا مطلب جمعہ کے بابرکت ہو نے کی دعا دینا ہے،اور برکت والے دن برکت کی دعا دینے میں  بذاتِ خود حرج نہیں ہے، البتہ اس طرح مبارک باد دینے کا التزام واہتمام کرنا  ٹھیک نہیں ہے،اور نہ ہی شرعی طور پر ان کاموں کا حکم دیاگیا ہے ،ان چیزوں میں وقت صرف کرنے کی بجائے جو اعمال اس دن ثابت ہیں ان کااہتمام کرناچاہیے۔

رمضان یا دوسرے اسلامی مہینوں کے آغاز میں ایک دوسرے کو مبارک باد دینایاہرروزہ وافطاری کی مبارکباد دینا اور مخصوص قسم کے من گھڑت فضائل سنانا شرعاً اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے، ان چیزوں میں اپنا قیمتی وقت ضائع نہیں کرناچاہیے اور نہ ہی یہ کارِثواب ہیں ۔ البتہ ہر مہینہ کا چاند دیکھ کر  اپنے لیے خیر و برکت کی مسنون دعا کرنا  ثابت ہے۔ اس کا اہتمام  کرناچاہیے۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143909200184
تاریخ اجراء :24-05-2018