کیا مسجد میں بال گرنے سے گناہ ہو گا؟

سوال کا متن:

اگر نائی کے پاس سے بال کٹوا کر مسجد میں نماز ادا کرنے جاؤں تو اگر کٹے ہوئے بالوں میں سے کچھ گر جائیں جس کا مجھے پتا بھی نہ چلے کیا اس کا گناہ ہو گا؟

جواب کا متن:

مساجد زمین پر اللہ تعالیٰ کے گھر ہیں،  اور روئے زمین پر موجود جگہوں میں سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ کے ہاں پسندیدہ جگہیں ہیں؛ اس لیے ان کی خوب پاکی و صفائی کا حکم دیا گیا ہے، لہذا جتنا ہو سکے مسجد کو صاف رکھنے کا اہتمام کرنا چاہیے اور حتیٰ الوسع یہ کوشش کرنی چاہیے  کہ ہماری وجہ سے مسجد کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے،  اب چوں کہ یہ بات معروف ہے کہ بال کٹوا کر  براہِ راست مسجد میں جانے سے مسجد میں بال گرنے کا قوی اندیشہ ہے؛ اس لیے بال کٹوا کر براہِ راست مسجد میں نہیں جانا چاہیے، بلکہ صفائی کر کے جانا چاہیے۔   لیکن اگر کبھی وقت تنگ ہو اور اسی حالت میں نماز کا وقت آ پہنچے اور  مسجد جانا پڑے تو بالوں کو کپڑوں سے اچھی طرح جھاڑ دیا جائے، پھر بھی لاعلمی میں کچھ  بال مسجد میں گر جائیں تو امید ہے کہ مواخذہ نہ ہو گا۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008200737
تاریخ اجراء :06-05-2019