عرب ممالک میں زوال کے ساتھ جمعہ اذان ہوتی ہے اور فورا بعد خطبہ شروع ہوجاتا ہے، تو سنت کب ادا کریں؟

سوال کا متن:

میں امارات میں رہتا ہوں، یہاں بھی دیگر عرب ممالک کی طرح جمعہ کی دوسری اذان زوال کے فوراً بعد دی جاتی ہے اور فوراً ہی خطبہ شروع ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے سنت نہیں پڑھی جا سکتی، احناف کے لیے کیا حکم ہے؟

جواب کا متن:

حنبلی مسلک میں جمعہ کے دن جمعہ کا وقت چوں کہ زوال سے پہلے شروع ہوجاتا ہے، اس وجہ سے مذکورہ طریقہ کار کےمطابق جمعہ کی اذان اور خطبہ کی ترتیب جاری ہے، اگر آپ حضرات کے لیے ممکن ہو تو اپنے امام سے درخواست کریں کہ زوال کے بعد چار رکعت سنت ادا کرنے کا وقت دے دیا کریں، اور اگر یہ ممکن نہ ہو  تو ایسی صورت میں جمعہ کی نماز کے بعد سننِ بعدیہ ادا کرنے کے بعد سننِ قبلیہ ادا کر لیا کریں، خطبہ کے دوران سنن ادا کرنا ممنوع ہے۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008200916
تاریخ اجراء :11-05-2019