قبر پر فاتحہ کا پڑھنا

سوال کا متن:

اپنے مرحوم رشتہ داروں کی قبر پر کیا پڑھنا چاہیے جس کو ہم لوگ فاتحہ کہتے ہیں؟ مسنون اعمال بتادیں!

جواب کا متن:

اہلِ سنت والجماعت کے ہاں ایصالِ ثواب کے لیے قبر پر یا غائبانہ طور پر قرآنِ کریم پڑھنا جائز ہے،  اور اس کا  ثواب مردے کو پہنچتا ہے، ایصالِ ثواب کا  کوئی مخصوص طریقہ سنت سے ثابت نہیں، نیز قبر پر جاکر پڑھنے کا التزام بھی نہیں ہے، کسی بھی جگہ سے پڑھ کر ایصالِ ثواب سے میت کو ثواب پہنچ جاتاہے۔ البتہ قبرستان  جانا ہو تو اس کی مسنون دعا احادیث میں مختلف الفاظ میں موجود ہے، لہٰذا قبرستان داخل ہوتے وقت اولاً درج ذیل دعاؤں میں سے کوئی دعا پڑھ لی جائے:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ یَا أَهْلَ الْقُبُوْرِ یَغْفِرُ اللهُ لَنَا وَلَکُمْ اَنْتُمْ سَلَفُنَا وَنَحْنُ بِالْأَثَرِ

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ دَارَ قَوْمٍ مُّؤْمِنِیْنَ وَاِنَّا اِنْ شَاءَ اللهُ بِکُمْ لَلَاحِقُوْنَ

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ أَهْلَ الدِّیَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَاِنَّا اِنْ شَاءَ اللهُ بِکُمْ لَلَاحِقُوْنَ یَغْفِرُ اللهُ لَنَا وَلَکُمْ

اور بہتر ہے کہ ایک بار سورہ فاتحہ اور تین بار سورہ اخلاص یا سورہ یسین  یا  حسبِ سہولت واستطاعت قرآنِ کریم کا کوئی بھی حصہ پڑھ کر اس کاثواب مردے کو  بخش دیاجائے۔ فقط  واللہ اعلم 

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144004200644
تاریخ اجراء :14-01-2019