سعودیہ میں رمضان شروع کرنے والے کا رمضان میں پاکستان آکر اکتیسواں روزہ رکھنے کا حکم

سوال کا متن:

اگر کسی نے رمضان المبارک کے شروع کے روزے مکے میں رکھے اور کچھ دن بعد پاکستان آگیا اور باقی روزے پاکستان میں رکھے تو اس طرح اس کے روزے اکتیس ہوگئے یہ اکتیسواں روزہ نفل ہوگا یا فرض؟

جواب کا متن:

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص کے لیے اکتیسواں روزہ رکھنا فرض نہیں ہے، اس لیے کہ قمری مہینہ تیس دن سے زیادہ کا نہیں ہوسکتا، البتہ دیگر روزہ داروں  اور رمضان کے احترام میں یہ شخص بھی روزہ رکھ لے۔ (فتاوی محمودیہ 10/37۔روزہ کے مسائل کا انسائیکلوپیڈیا 257، فتاوی بینات 3/79)

واضح رہے کہ مذکورہ صورت میں بعض علماءِ کرام کے نزدیک ایسے شخص کے حق میں اکتیسواں روزہ رکھنا شہودِ شہر کی وجہ سے فرض ہے، لہذا اختلاف سے بچنے کے لیے احتیاطاً روزہ رکھ لینا ہی بہترہے۔فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008201847
تاریخ اجراء :02-06-2019