کیا پاکستان اور سعودیہ میں الگ الگ لیلۃ القدر ہوگی؟

سوال کا متن:

سنتے ہیں کہ ماہِ رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر تلاش کریں۔اب ہمارا سوال یہ ہے:  کیا سعودیہ میں علیحدہ لیلۃ القدر ہو گی؟  کیوں کہ وہاں کا اور ہمارا ایک دن کا فرق  ہے اور پاکستان میں علیحدہ لیلۃ القدر ہو گی؟

جواب کا متن:

جس طرح نماز وں کے اوقات تہجد اور سحر و افطاروغیرہ میں ہر ملک کا اپنا وقت معتبر ہے، سعودی عرب میں نمازوں کے اوقات کو دیگر ممالک میں نمازوں کے لیے معیار قرار نہیں دیا جاسکتا ، اور عید ،روزہ اور قربانی میں بھی ہر ملک کی اپنی رؤیت کا اعتبارہے، اور عرفہ کے روزہ کے بارے میں بھی ہر ملک کی اپنی رؤیت معتبرہے، اسی طرح  لیلۃ القدر بھی ہر ملک کی اپنی تاریخ کے حساب سے ہوگی، بلادِ بعیدہ  جن کےطلوع وغروب میں کافی فرق پایاجاتا ہے اور جن کی رؤیت ایک دوسرے کے حق میں معتبر نہیں ہے،ایسے ہر ملک والے اپنے اپنے ملک کی تاریخ کے حساب سے لیلۃ القدر کو تلاش کریں گے۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008201524
تاریخ اجراء :26-05-2019