روزے کی حالت میں نیکوٹین پیچ (Nicotine Patch) استعمال کرنے کا حکم

سوال کا متن:

 روزے کی حالت میں نیکوٹین پیچ استعمال کرنے سےروزہ فاسد ہوجاتا ہے یا نہیں؟ اس بارےمیں راہ نمائی فرمادیجیے!

جواب کا متن:

نیکوٹین پیچ (Nicotine Patch) سے مراد یہ ہے کہ ایک گول یا چوکور پٹی جس پر نیکوٹین (ایک قسم کا نشہ جو سگریٹ چھڑوانے کے لیے بھی استعمال کروایا جاتا ہے) لگی ہوئی ہوتی ہے، یہ پٹی چپکنے والی ہوتی ہے، اسے سگریٹ چھڑوانے کے لیے ۱۶ یا ۲۴ گھنٹے کے لیے جسم کے کسی حصے مثلاً ہاتھ وغیرہ پر لگوایا جاتا ہے اور ہر دن نئی پٹی لگائی جاتی ہےاس کے استعمال کی مدت مختلف ہوسکتی ہے، مثلاً  آٹھ ہفتے یا اس سے بھی زیادہ۔

نیکوٹین پیچ (Nicotine Patch) کے ذریعہ چوں کہ نشہ مسامات کے راستے سے جسم میں پہنچتا ہے؛ اس لیے اس سے روزہ فاسد نہیں ہوگا، البتہ اگر نیکوٹین چیونگم کی صورت میں ہو یعنی نیکوٹین گم ہو تو اس کے استعمال سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔ فقط واللہ اعلم

نوٹ: یہاں روزے کے فساد اور عدمِ فساد کے اعتبار سے حکم بیان کیا گیا ہے۔ باقی اس پٹی  میں استعمال ہونے والا نشہ کس نوعیت کا ہوتاہے؟ اور وہ جسم کے لیے مضر ہے یا نہیں؟ اس حوالے سے  تفصیل بتا کر حکم معلوم کیا جاسکتاہے۔ 

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144010200210
تاریخ اجراء :18-06-2019