روزہ کی حالت میں خون کا عطیہ دینا

سوال کا متن:

کیا روزے کی حالت میں خون کا عطیہ کیا جا سکتا ہے؟  اس سے روزہ ٹوٹ تو نہیں جاتا ؟

جواب کا متن:

روزہ کے دوران اگر کسی مریض کو خون دینے کی ضرورت ہو تو خون دینا جائز ہے ، اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا، البتہ اتنا خون دینا مکروہ ہے جس سے روزے دار کو کم زوری  لاحق ہو جائے،  تاہم اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ اگر خون دینا فوری ضروری نہ ہو اور کم زوری کا اندیشہ ہو تو  روزہ افطار کے بعد خون کا عطیہ دینا چاہیے۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"ولا بأس بالحجامة إن أمن على نفسه الضعف، أما إذا خاف فإنه يكره وينبغي له أن يؤخر إلى وقت الغروب".  (كتاب الصوم، الباب الثالث فيما يكره للصائم وما لا يكره: 1/199-200، ط: رشيدية) فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008201683
تاریخ اجراء :29-05-2019