معتکفہ کے گھر والوں کا اس کے ساتھ کھانا کھانا

سوال کا متن:

معتکف عورت کے گھر والوں کا اس کے ساتھ کھانا کھانے کا کیا حکم ہے؟

جواب کا متن:

عورت کے اعتکاف کی جگہ میں ہو تو اس کے گھر والے اس کے ساتھ کھانا کھا سکتے ہیں، اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، تاہم  کھانے کے دوران گپ شپ کا ماحول بنادینا یا کھانے کے بعد دنیاوی یا فضول باتوں میں مشغول نہیں ہونا چاہیے؛  تاکہ معتکفہ کی یک سوئی اور عبادت کے اوقات میں خلل واقع نہ ہو۔  

باقی عورت اپنے اعتکاف کی جگہ سے باہر نکل کر گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا نہیں کھاسکتی ، اس لیے کہ عورت کے اعتکاف کے لیے مختص کی گئی جگہ عورتوں کے حق میں ایسی ہے جیسے مردوں کے لیے مسجد ہے، عورت کے لیے اعتکاف کی حالت میں طبعی اور شرعی ضرورت کے بغیر وہاں سے باہر نکلنا درست نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008201627
تاریخ اجراء :28-05-2019