1. دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
  2. عبادات
  3. زکوٰۃ / صدقات
  4. نفلی صدقات

صدقہ وخیرات مدرسہ میں دینا افضل ہے یا فقیر مسکین کو؟

سوال

صدقہ و خیرات مسجد و مدرسہ کو دینا افضل ہے یا فقیر مسکین کو؟

جواب

صدقات وخیرات کا افضل اور بہتر مصرف  موقع محل اور ضرورت وحاجت کے اعتبار سےمختلف ہوسکتے ہیں، جس وقت جہاں زیادہ ضرورت ہو وہاں ان صدقات کے خرچ کا ثواب زیادہ ہوگا، مثلاً اگر کہیں کوئی رشتہ دار زیادہ ضرورت مند ہے تو عام فقراء کی بہ نسبت ان کو  صدقہ دینے میں صدقہ کے ثواب کے ساتھ صلہ رحمی کا ثواب بھی ہوگا، یا کوئی سفید پوش، نیک صالح شخص غریب ہے، یا کوئی آپ ﷺ کے خاندان کا سید شخص محتاج ہے تو اس کو صدقہ دینے کا ثواب زیادہ ہوگا، اور اگر کہیں اِحیاءِ دین  کے لیے مدارس کی ضرورت ہے، یا مسجد کی ضرورت ہے  یا مدارس کے طلباء زیادہ محتاج ہیں تو  ان کو صدقہ کرنا زیادہ افضل ہوگا، غرض یہ ہے کہ موقع محل اور ضرورت کے اعتبار سے دیکھ لیا جائے کہ کہاں ضرورت زیادہ ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے صدقات وہاں صرف کیے جائیں۔

 عام حالات میں مدارسِ دینیہ کا تعاون کرنا زیادہ بہتر ہے، اس لیے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے  ہیں، ان کو مالی امداد کے  ذریعے مضبوط  کرکے باقی رکھنا دین کی بقاہے، مدارس کے غریب طلبہ کو زکات دینے میں  شریعتِ مطہرہ کی ترویج واشاعت میں تعاون ہے۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 621):
"قال الرحمتي: والحق التفصيل، فما كانت الحاجة فيه أكثر والمنفعة فيه أشمل فهو الأفضل كما ورد: «حجة أفضل من عشر غزوات». وورد عكسه فيحمل على ما كان أنفع، فإذا كان أشجع وأنفع في الحرب فجهاده أفضل من حجه، أو بالعكس فحجه أفضل، وكذا بناء الرباط إن كان محتاجاً إليه كان أفضل من الصدقة وحج النفل وإذا كان الفقير مضطراً أو من أهل الصلاح أو من آل بيت النبي صلى الله عليه وسلم فقد يكون إكرامه أفضل من حجات وعمر وبناء ربط. كما حكى في المسامرات عن رجل أراد الحج فحمل ألف دينار يتأهب بها، فجاءته امرأة في الطريق وقالت له: إني من آل بيت النبي صلى الله عليه وسلم وبي ضرورة فأفرغ لها ما معه، فلما رجع حجاج بلده صار كلما لقي رجلاً منهم يقول له: تقبل الله منك، فتعجب من قولهم، فرأى النبي صلى الله عليه وسلم في نومه وقال له: تعجبت من قولهم: تقبل الله منك؟ قال: نعم يا رسول الله؛ قال: إن الله خلق ملكاً على صورتك حج عنك؛ وهو يحج عنك إلى يوم القيامة بإكرامك لامرأة مضطرة من آل بيتي؛ فانظر إلى هذا الإكرام الذي ناله لم ينله بحجات ولا ببناء ربط". 
فقط واللہ اعلم
 


ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144004201261
تاریخ اجراء :17-02-2019

فتوی پرنٹ