صدقہ کا بہتر طریقہ کیا ہے؟

سوال کا متن:

1) کیا صدقہ کے لیے جانور قربان کرنا نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) یا صحابہ کرام (رضوان اللہ علیھم اجمعین) سے ثابت ہے؟

2) صدقہ کا زیادہ بہتر طریقہ پیسہ دینا ہے یا جانور کی قربانی کرنا؟

جواب کا متن:

  جانور کو ذبح کرکے لوگوں پر صدقہ کرنے کے بارے حدیث شریف میں آتا ہے کہ: 

"عن أبي قلابة، عن أبي المليح، قال: قال نبيشة: نادى رجل رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم إنا كنا نعتر عتيرة في الجاهلية في رجب فما تأمرنا؟ قال: اذبحوا لله في أي شهر كان، وبروا اللہ عز وجل، وأطعموا".(سنن أبي داود ،ص:۳۹۱، کتاب الصحایا، باب في العتیرۃ، 

ترجمہ:  ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ کو آواز لگائی  کہ ہم جاہلیت میں رجب میں قربانی کرتے تھے، اب آپ کا کیا حکم ہے؟ آپ نے فرمایا: کسی بھی مہینے میں اللہ کے نام پر جانور ذبح کرو، اللہ تعالی کی اطاعت کرو اور لوگوں کو کھلاؤ۔(ابوداؤد شریف:۱؍۳۹۱)

اگر جانور کو اللہ کے نام پر ذبح کر کے اس کا گوشت غریبوں کو دے دے ، تب بھی مقصد حاصل ہوجاتا ہے، مگرجانور کی قیمت کا صدقہ کرنے میں  زیادہ فضیلت ہے؛ کیوں کہ اس صورت میں مال سے فقیر کی ہر قسم کی حاجت پوری ہوتی ہے۔ فقط واﷲ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143905200001
تاریخ اجراء :18-01-2018