1. دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
  2. عبادات
  3. طہارت
  4. وضو،فرائض،سنن،آداب اور وضو توڑنے والی اشیاء

مسواک کرنے کا طریقہ

سوال

کیا دانتوں پر اوپر نیچے مسواک مارنا جائز ہے؟ اور اس طریقے سے مسواک کرنے میں ثواب ہے یا نہیں؟

جواب

 مسواک کرنے کی کیفیت یہ ہے کہ اوپر نیچے کے دانتوں پر اور تالو پر مسواک کی جائے اور داہنی طرف سے ابتدا ہو، اس کی صورت یہ ہے کہ پہلے مسواک اوپر کے جبڑے میں داہنی طرف کی جائے، پھر اوپر کی بائیں جانب، اس کے بعد نیچے کے جبڑے میں داہنی طرف اور پھر بائیں طرف کرنا چاہیے۔(کبیری)، اور بعض علماءنے یہ طریقہ لکھا  ہے کہ :پہلے اوپر نیچے کی داہنی جانب مسواک کرے، پھر اوپر نیچے کی بائیں جانب، پھر ان دانتوں پر مسواک کرے جو داہنی اور بائیں جانب کے درمیان ہیں(شرح السنۃ)، اور کم از کم تین مرتبہ اوپر اور تین مرتبہ نیچے، تین بار پانی لے کر مسواک کی جائے۔

مسواک چوڑائی میں یعنی دائیں  سے بائیں طرف کرنی چاہیے، طول (لمبائی/ اوپر نیچے) میں مسواک کرنا بہتر نہیں، اس لیے کہ اس سے مسوڑھوں کے زخمی ہوجانے کا اندیشہ ہوتا ہے، بعض حضرات فرماتے ہیں دونوں طرح کرسکتے ہیں، ان دونوں میں تطبیق یوں دی گئی ہے کہ دانتوں میں چوڑائی میں کی جائے اور زبان پر لمبائی میں کی جائے۔(شامی۔1/114)

’حجۃ اللّٰہ البالغہ‘‘ میں حضرت شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ آدمی کے لیے مناسب ہے کہ مسواک کو منہ کے انتہائی اور آخری حصوں تک پہنچائے؛ تاکہ سینہ اور حلق کا بلغم ختم ہوجائے۔ اور خوب اچھی طرح مسواک کرنے سے قلاح جو منہ کی ایک بیماری ہے دو رہوجاتی ہے، آواز صاف اور منہ کی بو عمدہ ہوجاتی ہے۔(1/310) فقط واللہ اعلم


ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144007200553
تاریخ اجراء :04-04-2019

PDF ڈاؤن لوڈ