امام تراویح میں سجدہ تلاوت بھول گیا

سوال کا متن:

امام صاحب نے آج تراویح میں آیت سجدہ پڑھی، پھر سجدہ تلاوت نہیں کیا تو  پھر دو بارہ دوسری رکعت میں وہی آیت پڑھ کر سجدہ تلاوت کیا ،تو یہ صحیح ہے یا نہیں؟ اگر نہیں تو اب کیا کیا جائے؟  مدلل و مفصل جواب عنایت فرمائیں!

جواب کا متن:

امام نے جس رکعت میں آیتِ سجدہ پڑھی اس رکعت میں سجدہ تلاوت کرنا بھول جائے تو دوسری رکعت میں جب یاد آئے سجدہ تلاوت کرلے اور آخر میں سجدہ سہو بھی کرے، لیکن اگر سجدہ سہو نہیں کیا اور نماز کا وقت باقی ہے تو ان دو رکعتوں کا اعادہ کرلیا جائے اور اگر وقت نکل چکا ہو تو اعادہ کی ضرورت نہیں۔ اب چوں کہ وقت نکل چکاہے اس لیے نماز اور تلاوت کے اعادے کی ضرورت نہیں، البتہ خطا پر استغفار کرنا چاہیے۔

فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008201212
تاریخ اجراء :18-05-2019