معذور آدمی کا بیٹھ کر نماز پڑھانے کا حکم، فجر کی نماز کے دوران سورج طلوع ہوجانے کا حکم

سوال کا متن:

1- کیا معذور آدمی بیٹھ کر امامت کر سکتا ہے؟ اس کی اقتدا  میں نماز جائز ہے؟

2- اگر فجر کی نماز وقت کے اندر شروع کی  اور انتہا مکروہ وقت میں ہوئی تو کیا نماز دوبارہ قضا  کرنی پڑے گی؟

جواب کا متن:

1- ایسا شخص جو قیام پر تو قادر نہ ہو، لیکن بیٹھ کر رکوع اور زمین پر سجدہ کرنے پر قادر ہو تو وہ امامت کرسکتا ہے اور اس کی اقتدا میں سب کی نماز جائز ہے، البتہ جو شخص ایسا معذور ہو کہ بیٹھ کر رکوع و سجدہ کرنے پر بھی قادر نہ ہو، بلکہ اشارہ سے رکوع و سجدہ کرتا ہو تو وہ غیر معذور مقتدیوں کی امامت نہیں کرسکتا ہے، جو لوگ  کھڑے ہوکر یا بیٹھ کر باقاعدہ رکوع و سجدہ کر کے نماز پڑھ سکتے ہیں ان کی نماز ایسے شخص کی اقتدا  میں جائز نہیں ہوگی۔

2- اگر فجر کی نماز فجر کے وقت میں شروع کی، لیکن نماز ختم ہونے سے پہلے سورج طلوع ہوجانے کی وجہ سے فجر کا وقت ختم ہوکر ممنوع وقت داخل ہوگیا تو فجر کی نماز فاسد ہوجائے گی اور اس کی قضا پڑھنا ضروری ہوگی۔

فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144008200229
تاریخ اجراء :16-04-2019