رمضان کے آخری جمعہ میں قضا نماز

سوال کا متن:

 جس شخص کی کتنی نمازیں قضا ہوئی ہوں اور رمضان کے آخری ہفتے  میں چار رکعت ایک سلام کے ساتھ پڑھ لے سورہ فاتحہ کے بعد 7مرتبہ آیت الکرسی 15 مرتبہ سورہ کوثر ہر رکعت میں یہ سب قضا نمازوں کا کفارہ ہے، اس بات کا کوئی ثبوت ہے؟

 

جواب کا متن:

سوال میں مذکورہ طریقے سے چار رکعات نماز پڑھنے سے قضا نمازیں ادا نہیں ہوتیں۔ بلکہ قضا نمازوں سے بری الذمہ ہونے  کے لیے ان کی ادائیگی کے علاوہ کوئی صورت نہیں۔  سائل نے جو بات لکھی ہے  ایک من گھڑت روایت میں اس کا تذکرہ ملتا ہے جس کو محدثین نے رد کیا ہے؛ لہٰذا اسے بطورِ روایت بیان کرنا اور اس پر عمل کرنا جائز نہیں ہے۔


ملا علی  قاری  رحمہ اللہ  "موضوعات کبری"  میں کہتے ہیں: حدیث '' جس نے رمضان کے آخری جمعہ میں ایک فرض نماز ادا کرلی اس سے اس کی ستر سال کی فوت شدہ نمازوں کا ازالہ ہوجاتا ہے '' یقینی طور پر باطل ہے؛ کیوں کہ اس اجماع کے مخالف ہے کہ عبادات میں سے کوئی  شے سابقہ سالوں کی فوت شدہ عبادات کے قائم مقام نہیں ہوسکتی۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144007200266
تاریخ اجراء :23-03-2019