ایزی پیسہ اکاؤنٹ پر کچھ پیسوں کے عوض کال اور انٹرنیٹ کی سہولت ملنے کا حکم

سوال کا متن:

ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں ایک ہزار روپے رکھنے پر کمپنی کی طرف سے پچاس فری منٹس اور 50 ایم بی انٹرنیٹ روزانہ دی جاتی ہے، لیکن اس کے عوض روزانہ 24 پیسے کاٹ دیتی ہے، اور میں نے کمپنی سے تحقیق کی تو وہ کہہ رہے تھے کہ 24 پیسے منٹس اور ایم بی کے عوض کاٹ دیے جاتے ہیں۔ مہربانی فرماکر مذکورہ صورت میں مسئلہ  کی وضاحت فرمادیں!

جواب کا متن:

عام طور پر   پچاس فری منٹس اور 50 ایم بی انٹرنیٹ کی قیمت پندرہ پیسے نہیں ہوتی، بلکہ ان کی قیمت زیادہ ہوتی ہے، ایزی پیسہ والوں نے  ان کی قیمت اس ہزار روپے رکھنے کی وجہ سے کم رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ اگر صارف اکاؤنٹ میں ہزار روپے نہ رکھوائے تو  مذکورہ فری منٹس اور انٹرنیٹ ایم بی اتنے کم معاوضہ پر نہیں دیے جاتے۔

اور جو ہزار روپے رکھے جاتے ہیں ان کی حیثیت قرض کی  ہے اور قرض پر کسی بھی قسم کا مشروط نفع سود ہے،  لہذا مذکورہ صورت جائز نہیں ہے۔

فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144007200170
تاریخ اجراء :19-03-2019