مرغیوں کو الٹا لٹکا کر ذبح کرنا

سوال کا متن:

پولٹری فارم میں مرغیوں کو الٹا لٹکا کر مشین کے بجائے ہاتھ سے ذبح کیا جاتا ہے. کیا ایسے فارم سے مرغی خریدنا صحیح ہے ، چوں کہ ان کو اتنی بےرحمی سے ذبح کیا جاتا ہے؟  اور کچھ مرغیاں اپنے وزن کے بوجھ سے دم گھٹنے سے مر بھی جاتی ہیں.کیا ایسی مرغیوں کو نہ خریدنا تقوے میں شمار ہوگا؟

جواب کا متن:

مرغیوں کو الٹا لٹکا نے سے انکا دم نہیں گھٹتا، نیز ان کو لٹکا کر تھوڑی دیر بعد ہی ذبح کردیا جاتا ہے۔زیادہ دیر ان کو لٹکا یا نہیں جاتا ؛ اس لیے ایسے پولٹری فارموں سے مرغی خریدنے میں حرج نہیں ہے جہاں کوئی مسلمان ہاتھ سے ذبح کی شرعی شرائط کا لحاظ کرکے مرغی کو ذبح کرتا ہو، خواہ ذبح سے پہلے ان کو الٹا لٹکا یا جاتا ہو۔البتہ اگر  کسی مرغی کے متعلق یقین ہو کہ وہ زیادہ لٹکانے سے مر گئی ہے تو اس کا خریدنا اور استعمال کرنا جائز نہیں۔

بغیر وجہ کے شک کرنا تقویٰ نہیں ہے، جہاں شک کی کوئی وجہ ہو، تو مشتبہات سے اجتناب تقویٰ شمار ہوتاہے۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143909201684
تاریخ اجراء :04-08-2018