کیا قربانی میں جانور کاٹنا افضل ہے یا غریب کی مدد کرنا

سوال کا متن:

کیا قربانی میں جانور کاٹنا افضل ہے، یا یہ کہ بجائے قربانی وہ رقم کسی غریب کو دے دی جائے۔

جواب کا متن:

قربانی کرنا ایک مستقل عبادت ہے،اور غریب کی مددایک  دوسری  عبادت ہے۔ایک عبادت کو بنیاد بنا کر کسی دوسری عبادت کو چھوڑنا کوئی معقول  بات نہیں۔ مزید یہ کہ قربانی کرنا غریب کی مدد کرنے سے مانع نہیں ہے، اسی طرح غریب کی مدد کرنا قربانی کرنے سے مانع نہیں ہے۔ البتہ قربانی کے ایام میں قربانی کرنا افضل ہی نہیں بلکہ جس پر قربانی واجب ہے اس پر ضروری ہے۔حدیث میں ارشاد نبوی منقول ہے کہ خدا تعالی کے ہاں عید الاضحی کے ایام میں خون بہانے سے برتر کوئی عمل نہیں ہے۔ ایک اور حدیث میں وارد ہے کہ جو شخص قربانی کی استطاعت رکھتا ہو اور قربانی نہ کرے تو وہ ہماری عیدگاہ کے قریب (عید کی نماز) پڑھنے ہی نہ آئے۔ دونوں احادیث سے قربانی کی اہمیت خوب واضح ہوتی ہے۔اگر آپ پر قربانی کرنا واجب ہے تو قربانی ہی کرنا ضروری ہے اور اگر قربانی نہ کی تو واجب چھوڑنے کا گناہ ہوگا۔

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143610200022
تاریخ اجراء :27-07-2015