بچہ کی ولادت مغرب کے بعد ہونے کی صورت میں عقیقہ کے دن کا حساب

سوال کا متن:

نومولود کی ولادت بعد المغرب ہو  تو عقیقہ کا حساب آنے والے دن سے ہوگا؟

جواب کا متن:

عقیقہ کے دنوں میں دن سے مراد شرعی دن ہے،  اور شرعی دن صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک ہوتا ہے، اور ہر  رات، آنے والے دن میں شامل ہے، اس اعتبار سے سورج غروب ہونے کے بعد بچہ پیدا ہوا تو آنے والا بعد کا دن اس کی ولادت کا دن شمار ہوگا۔

  لہذا صورتِ مسئولہ میں  اگر بچہ کی ولادت مغرب کے بعد ہوئی ہے تو اگلے ہفتہ اس سے پہلے والا دن اس کا ساتواں دن ہوگا، مثلاً اگر بچہ کی ولادت  جمعہ کے دن سورج غروب ہونے کے بعد ہوئی ہے  تو وہ رات ہفتے کی رات شمار ہوگی، اور اس بچہ کی ولادت کا دن ہفتہ کا دن کہلائے گا، اور آئندہ  جمعہ کا دن  اس کا ساتواں دن شمار ہوگا، اس میں عقیقہ کرنا مستحب ہوگا۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144010200223
تاریخ اجراء :18-06-2019