دو طلاقوں کے بعد خلع لینے کا حکم

سوال کا متن:

اگر خاوند نے پہلے دو طلاقیں الگ الگ وقتوں میں دے کر رجوع کر لیا ہو۔ اور اب بیوی خلع حاصل کر لے تو کیا فریقین کے درمیان ہمیشہ کی جدائی ہو جائے گی؟ یعنی ان کی نئے نکاح کے ساتھ خانہ آبادی نہیں ہوسکتی؟

جواب کا متن:

خلع کی حیثیت شریعتِ مطہرہ میں طلاقِ بائن کی ہے، لہٰذا اگر دو طلاقوں کے بعد باہمی رضامندی سے خلع واقع ہوجائے تو مجموعی طور پر تین طلاقیں واقع ہونے کی وجہ سے یہ تین مغلظہ طلاقیں بن جائیں گی، دونوں کا نکاح ٹوٹ جائے گا، بیوی شوہر پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہو جائے گی، رجوع بھی جائز نہیں ہوگا اور حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ نکاح بھی جائز نہیں ہوگا۔ البتہ اگر شوہر کی رضامندی کے بغیر عورت نے عدالت سے یک طرفہ خلع حاصل کرلیا ہو  اور خلع کا فیصلہ آنے کے بعد بھی نہ تو شوہر نے زبانی اس فیصلے کو تسلیم کیا ہو اور نہ ہی اس پر دستخط کیے ہوں تو ایسا خلع شرعاً معتبر نہیں ہے اور اس سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔ فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144007200180
تاریخ اجراء :19-03-2019