بیوہ کو میراث نہ دینا

سوال کا متن:

آپ سے ایک مسئلے کا حل درکار ہے, میری ایک پھوپھی کی شادی ہوئی، ان کے شوہر کی میری پھوپھی سے دوسری شادی تھی، ان کی پہلی بیوی سے 4 ، 5 بچے ہیں اور ان سب کی شادیاں ہوچکی ہیں اور سب کا کاروبار ہے۔اور پھوپھی کے شوہر کا اپنا مال کوئی 2 کروڑ تک ہے۔اور اللہ نے میری پھوپھی کو کوئی اولاد نہیں دی۔میری پھوپھی نے 17 سال تک اپنے شوہر کی خدمت کی اور ان کے شوہر کی طبعیت خراب ہوگئی اور شوہر نے میری پھوپھی سے کہا کہ میرے مال میں آپ کا کو ئی حصہ نہیں اور آپ میرے مرنے کے بعد اپنے لیے کوئی بندوبست کرلیں ۔اور ان کے انتقال ہو گیا تو آپ سے اس مسئلے کا جواب درکار ہے ک ان کے شوہر کے مال میں ان کا حصہ شریعت کے اعتبار سے کیا ہے؟

برائے مہربانی راہ نمائی فرما دیجیے!

جواب کا متن:

 آپ کی پھوپھی آپ کے پھوپھا کی بیوی تھیں، آپ کے پھوپھا کا یہ کہہ دینا کہ "میرے مال میں آپ کا کوئی حصہ نہیں"،  اس سے  کوئی فرق نہیں پڑتا ؛ اس لیے کہ  میراث کا حق آدمی کی وفات کے بعد  ملتا ہے اور یہ اللہ تعالی کی جانب سے طے کردہ ہے۔

آپ کے پھوپھا کے کل ترکے میں سے کفن دفن کے اخراجات ، قرضہ جات کی ادائیگی  اور اگر کوئی جائز وصیت کی ہو تو ایک تہائی ترکہ میں سے اس کی ادائیگی کے بعد  آٹھویں حصہ کی مالکہ  آپ کی پھوپھی ہیں۔ یہ ان کا حق ہے دیگر ورثاء پر اس کی ادائیگی لازم ہے۔

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :143909202330
تاریخ اجراء :08-09-2018