مسجد کی تعمیر میں دی گئی سمینٹ کی بوریاں اگر زائد ہوجائیں

سوال کا متن:

مسجد کی چھت کی بھرائی کے لیے کسی شخص نے سیمنٹ کی  بوریاں دیں،  بعد میں ان بوریوں کی فی الحال ضرورت نہ رہی، لیکن پلستر وغیرہ میں انہیں استعمال کیا جا سکتا ہے،  کیا اس سیمنٹ کو فروخت کر کے اس کے پیسے مسجد میں استعمال کرنا درست ہے؟  یا اس سیمنٹ کا ہی لگانا ضروری ہوگا ؟

جواب کا متن:

مسجد کی چھت کی بھرائی کے لیے دی گئی سیمینٹ کی بوریاں بھرائی مکمل ہونے کے بعد بچ گئی ہیں تو انہیں اسی مسجد میں کسی اور جگہ لگادیا جائے، مثلاً  اسے پلستر میں استعمال کرلیا جائے۔  اگر اس سے بھی بچ جائیں اور آئندہ تعمیر میں استعمال ہوسکتی ہوں تو انہیں محفوظ رکھا جائے۔ اور اگر آئندہ تعمیرات سے پہلے ان کے خراب یا ضائع ہونے کا اندیشہ ہو تو انہیں فروخت کرکے اس مسجد کی تعمیر کی دیگر اشیاء میں لگادی جائیں، بہتر ہے کہ سیمنٹ دینے والے شخص کو بھی اس صورتِ حال سے مطلع کردیا جائے۔فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144012200085
تاریخ اجراء :05-08-2019