مملوکہ زمین میں قبر کی قیمت وصول کرنا

سوال کا متن:

کو ئی شخص اپنے ذاتی قبرستان میں کسی اجنبی آدمی کو دفن کرتا ہے، اس شرط پر کہ تم مجھے دس ہزار روپے دے دو،  تب میں تمہاری اس میت کو دفن کروں گا،  کیا اس طرح پیسے لے کر دفن کر نا صحیح ہے؟

جواب کا متن:

اگر قبرستان کی زمین عام مسلمانوں کے لیے وقف ہو تو اس میں کسی میت کو دفن کرنے سے روکنے یاقیمت وصول کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔البتہ اگر قبرستان کی زمین وقف نہیں ہے، بلکہ کسی شخص کی ذاتی ملکیت ہے تو افضل یہی ہے کہ یہ شخص بوقتِ  ضرورت کسی میت کے دفن سے نہ روکے،  بلکہ ثواب کی نیت سے بلاقیمت دفن کی اجازت دے دے۔تاہم قیمت وصول کرنے کی بھی گنجائش ہے، لہذا اگر یہ شخص اپنی مملوکہ زمین میں قبر کی جگہ دینے کی قیمت وصول کرتاہے تو قیمت اداکرکے قبر کےلیے جگہ لیناجائزہے۔ اور قبرکی قیمت کی رقم میت کے ترکہ سے نکالی جائے گی۔

البحرالرائق  میں ہے :

"أن التركة تتعلق بها حقوق أربعة جهاز الميت ودفنه والدين والوصية والميراث فيبدأ بجهازه وكفنه وما يحتاج في دفنه بالمعروف وفي الكافي من غير تبذير ولا تقتير". (26/17) فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144010201204
تاریخ اجراء :29-07-2019