قرآنِ پاک کے جو اوراق انتہائی بوسیدہ ہونے کی وجہ سے پڑھنے کے قابل نہ ہوں ان کا حکم

سوال کا متن:

امریکا  میں قرآنِ پاک کے بوسیدہ  نسخے  جو  پڑھنے  کے  قابل  نہ ہوں ان کو محفوظ  کرنے کا شریعت میں  کیا طریقہ بیان کیا گیا ہے؟  کیا ان کو پانی یا کیمیکل کے ذریعے تحلیل کیا جا سکتا ہے؟ یا دفنایا جا سکتا ہے؟  یا زمین میں دفنا کر پانی سے تحلیل کر سکتے ہیں  تا کہ کم سے کم جگہ گھیرے ؟

جواب کا متن:

قرآنِ  کریم کے جو اَوراق  یا  نسخے  انتہائی بوسیدہ ہوجائیں اور استفادہ کے لائق نہ رہیں ان کی حفاظت کی بہتر صورت  یہ ہے کہ انہیں کسی پاک کپڑے میں لپیٹ کر گہرائی میں دفن کردیا جائے؛ تا کہ ان کی بے حرمتی نہ ہو۔  دوسراطریقہ یہ ہے کہ کپڑے کے تھیلے میں ان اوراق یا نسخوں کے ساتھ پتھر رکھ کر دریا،سمندروغیرہ میں ڈال دیا جائے؛  تاکہ کنارے پر نہ آئے۔  

"درمختار مع ردالمحتار"میں ہے:

"المصحف إذا صار بحال لايقرأ فيه يدفن كالمسلم". (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الطهارة، سنن الغسل (1/177) ط:سعید) فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144010200871
تاریخ اجراء :16-07-2019