جمعہ اور ظہر کی رکعات نماز

سوال کا متن:

ہم نمازِ  جمعہ میں 4 سنت، 2 فرض، 4 سنت، 2 سنت اور 2 نفل پڑھتے ہیں۔

 کیا جمعہ کے دن ظہر کے فرضوں  میں بھی یہی ادا کرنے ہوتے ہیں؟

جواب کا متن:

جمعہ کی نمازمستقل ایک نماز ہے جو جمعے کے دن مخصوص شرائط کے ساتھ ظہر کے وقت میں ادا کی جاتی ہے، لہذا جو شخص جمعہ کی نماز پڑھتا ہے تو اس سے ظہر کی نماز ساقط ہوجاتی ہے، جمعہ کی نماز کی رکعات کی اپنی تعداد ہے، جمعہ کی نماز میں کل بارہ رکعتیں ہیں:

 چار سنتِ  مؤکدہ فرض سے پہلے، دو رکعت فرض، چار رکعت سنت مؤکدہ فرض کے بعد اور  اس کے بعد مزید دو رکعت (بنا بر قولِ راجح)  سنت غیر مؤکدہ۔(4+2+4+2 = 12 )۔باقی احادیث میں جمعہ کے بعد نفل کی کوئی متعینہ مقدار مذکور نہیں ہے، اس لیے  جمعہ کے ساتھ نفل کا نہ کوئی اختصاص ہے اور نہ نفل کی کوئی تحدید ہے، آدمی کی مرضی ہے جتنی چاہے پڑھے۔

البتہ جس شخص سے جمعے کی نماز کسی عذر کی وجہ سے رہ جائے اور کہیں جماعت نہ ملے یا جمعہ فرض ہونے کی شرائط نہ پائی جائیں یعنی آدمی ایسی جگہ کا رہائشی ہو جہاں جمعہ کی نماز واجب نہ ہو مثلاً گاؤں دیہات وغیرہ ایسے افراد کے لیے جمعے کے دن ظہر  کی نماز  پڑھنے کا حکم ہے۔اورجمعہ کے دن ظہر کی نماز کی ادائیگی کی صورت میں نمازی ظہر ہی کی نماز کی رکعات اداکرے گا۔فقط واللہ اعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144012201562
تاریخ اجراء :05-10-2019