سوال کا متن:
میرے گھر کے باغیچے میں چیونٹیوں نے بل بنانا شروع کردیے ہیں۔ جس سے پانی زمین کے اندر جارہا ہے اور گھر کی بنیادیں کچی ہونے کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ چیونٹیاں گھر میں بھی داخل ہو جاتی ہیں اور کھانے پینے کی چیزیں بھی خراب کر دیتی ہیں۔ شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں یہ بتا دیں کہ ادویات سے ان کو ختم کرنے کی اجازت ہے؟ یا کوئی اور قابلِ عمل حل بتا دیں۔یاد رہے کہ گھر بناتے وقت یہ بل موجود نہیں تھے۔
جواب کا متن:
واضح رہے کہ چیونٹی اگر تکلیف کا باعث بن رہی ہو تو اس کو مارنا جائز ہے، اور اس مقصد کے لیے دوائیں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں، البتہ شدید ضرورت کے بغیر آگ میں جلانا جائز نہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اس سزا کا حق صرف اللہ ہی کو ہے، اسی طرح فقہاء نے پانی میں ڈالنے کو بھی مکروہ قرار دیا ہے۔
الفتاوى الهندية (5 / 361):
"قتْلُ النَّمْلَةِ تَكَلَّمُوا فِيهَا، وَالْمُخْتَارُ أَنَّهُ إذَا ابْتَدَأَتْ بِالْأَذَى لَا بَأْسَ بِقَتْلِهَا، وَإِنْ لَمْ تَبْتَدِئْ يُكْرَهُ قَتْلُهَا، وَاتَّفَقُوا عَلَى أَنَّهُ يُكْرَهُ إلْقَاؤُهَا فِي الْمَاء". فقط و الله أعلم