اعتکاف سے کب نکلنا چاہیے؟

سوال کا متن:

اعتکاف مکمل ہونے کے بعد نکلنے کا طریقہ اور وقت  اگر بتا دیں تو نوازش ہوگی!

جواب کا متن:

اعتکاف مسنون کرنے والے افراد کے لیے عید الفطر کا چاند نکلنے تک مسجد میں معتکف رہنا ضروری ہے، چاند نکلنے کے بعد نکلنے کی اجازت ہے، البتہ بہتر یہ ہے کہ عید کی رات مسجد میں ہی مقیم رہیں، اور عید کی نماز ادا کرکے گھر کو لوٹیں، تاہم یہ حکم ضروری نہیں، آداب میں سے ہے، پس اگر کوئی چاند نکلنے کے بعد گھر جانا چاہے جا سکتا ہے، تاہم عید کی رات چوں کہ نہایت قبولیت کی رات ہے، لہذا اس رات میں مقدور بھر عبادت کرنی چاہیے۔

الفقہ الاسلامی و ادلتہ میں ہے:

5ً - يندب مكث المعتكف ليلة العيد إذا اتصل اعتكافه بها، ليخرج منه إلى المصلى، فيوصل عبادةً بعبادة، ولما ورد من فضل إحياء هذه الليلة: «من قام ليلتي العيد، محتسباً لله تعالى، لم يمت قلبه يوم تموت القلوب» أي أن الله يثبِّته على الإيمان عند النزع وعند سؤال الملكين وسؤال القيامة". (المبحث الخامس ـ آداب المعتكف ومكروهات الاعتكاف ومبطلاته، آداب المعتكف، ٣ / ١٧٧٣، ط: دار الفكر) فقط والله أعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144109202949
تاریخ اجراء :20-05-2020