1. دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن

بائنینس (binance) نامی ایپ کے ذریعہ کرپٹو کرنسیز میں کاروبار کا حکم

سوال

میں کرپٹو کرنسی (crypto currency) کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں، کیا بائنینس (binance) نامی ایپ کے ذریعہ کرپٹو کرنسیز میں کاروبار جائز ہے؟ اس ایپ میں یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنےبینک کی ایپ کے ذریعہ US dollars DT خریدتے ہیں جو کہ ایک ورچول کرنسی (virtual currency) ہے اور پھر اس کے ذریعہ آپ تمام کرپٹو کرنسیز خرید سکتے ہیں۔ ان کرپٹو کرنسیز میں بہت زیادہ نفع بھی ہوسکتا ہے اور نقصان بھی۔ اور جب یہ کرنسیز فروخت کی جاتی ہیں تو یہ براہِ  راست آپ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوجاتی ہیں US dollars DT کی شکل میں۔ سوال یہ ہے کہ کیا کرپٹو کرنسیز (crypto currencies) میں کاروبار کرنا حلال ہے؟

جواب

بائنینس (binance) نامی ایپ یا کسی بھی ذریعہ سے کرپٹو کرنسیز (crypto currencies) میں کاروبار جائز نہیں ہے اور اس سے حاصل ہونے والا نفع بھی حلال نہیں ہے۔ "تجارت کے مسائل کا انسائیکلوپیڈیا" میں ہے:

’’بٹ کوائن‘‘ محض ایک فرضی کرنسی ہے، اس میں حقیقی کرنسی کے بنیادی اوصاف اور شرائط بالکل موجود نہیں ہیں، لہٰذا موجودہ  زمانے میں ’’کوئن‘‘ یا ’’ڈیجیٹل کرنسی‘‘ یا ’’کرپٹو کرنسی‘‘ کی خرید و فروخت کے نام سے انٹرنیٹ پر اور الیکٹرونک مارکیٹ میں جو کاروبار چل رہا ہے وہ حلال اور جائز نہیں ہے، وہ محض دھوکا ہے، اس میں حقیقت میں کوئی مادی چیز نہیں ہوتی، اور اس میں قبضہ بھی نہیں ہوتا صرف اکاؤنٹ میں کچھ عدد آجاتے ہیں، اور یہ فاریکس ٹریڈنگ کی طرح سود اور جوے کی ایک شکل ہے، اس لیے ’’بٹ کوائن‘‘ یا کسی بھی ’’ڈیجیٹل کرنسی‘‘ کے نام نہاد کاروبار میں پیسے لگانا اور خرید و فروخت میں شامل ہونا جائز نہیں ہے۔

( تجارت کے مسائل کا انسائیکلوپیڈیا: 2/ 92)

فقط واللہ اعلم


ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن
فتوی نمبر :144210200715
تاریخ اجراء :28-05-2021

فتوی پرنٹ