میری بیوی شادی کے بعد سے اکثر خواب دیکھتی ہے کہ اس کے پاس جڑوا بچے ہیں

سوال کا متن:

(۱) میری بیوی شادی کے بعد سے اکثر خواب دیکھتی ہے کہ اس کے پاس جڑوا بچے ہیں ، میری شادی کو قریب چھ مہینے ہوگئے ہیں ، ابھی حمل نہیں ہے، دعا کریں کہ اللہ جلد اولاد عطا کرے ، آمین۔
(۲) اور کوئی وظیفہ ہو اولاد ہونے کے لیے تو وہ بتا دیں مہربانی ہوگی۔
(۳) تہجد کا اصل اور افضل وقت کونسا ہے؟ بعض لوگ عشا کی نماز کے بعد پڑھ لیتے ہیں ، کہتے ہیں کہ پڑھ سکتے ہیں ، ہوجائے گی، اور بعض بارہ بجے کے بعد بارہ بج کر پانچ یا دس منٹ پر ، کیا ایسے پڑھنے سے تہجد کا ثواب ملے گا یا نہیں؟ کہتے ہیں کہ ٹھنڈ میں پڑھ کے سوجائیں عشا بعدتب بھی ثواب ملتاہے، براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں اس بارے میں ۔ اللہ پاک آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔

جواب کا متن:

بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 339-247/B=3/1440
(۱) اللہ تعالی آپ کو نیک اولاد عطا فرمائے۔
(۲) آپ ہر نماز کے بعد ” رَبِّ لاتذرنی فرداً وَأنت خیر الوارثین “ تین مرتبہ پڑھا کریں ان شاء اللہ آپ کی مراد پوری ہوگی۔
(۳) (الف) تہجد کا وقت عشاء کی نماز کے بعد سے صبح صادق تک ہے؛ البتہ افضل وقت نصف شب کے بعد ہے ۔ (ب) جس شخص کو صبح صادق سے پہلے نیند سے اٹھنا مشکل ہو، اگر وہ عشاء کی نماز کے بعد وتر سے قبل چند رکعتیں سہولت کے بقدر بنیت تہجد ادا کر لے، اسے تہجد کا ثواب مل جائے گا ۔ (ج) جی ہاں اس طرح کرنے سے بھی تہجد کا ثواب مل جائے گا۔ وروی الطبرانی مرفوعاً: لابد من صلاة بلیل ولوحلب شاة، وما کان بعد صلاة العشاء فہو من اللیل، وہذا ۔ یفید أن ہذہ السنة تحصل بالتنفل بعد صلاة العشاء قبل النوم ، رد المحتار: ۲/۴۶۷، کتاب الصلاة ، باب الوتر والنوافل ، ط: زکریا دیوبند ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :166773
تاریخ اجراء :Nov 21, 2018