کامیاب شادی شدہ زندگی کے لیے دعا۔

سوال کا متن:

مفتی صاحب آپ سبھی لوگوں کی دعاؤں سے میری شادی ہوئی۔ میرے شوہر کافی اچھے ہیں ۔میرے لیے خدا سے دعا کیجئے کہ خدا میری پریشانی کو جلد سے جلد دور کردے۔ مفتی صاحب ایک آپ صرف پہلے انسان ہیں جن سے میں اپنی پریشانی کا ذکر کررہی ہوں کیوں کہ میں نے اپنی کوئی بھی پریشانی اپنی امی کو بھی نہیں بتائی، بس خدا سے دعا کررہی ہوں اور آپ سے کچھ دعا ئیں پڑھنے کے لیے پوچھ رہی ہوں جس سے میری نئی شادی شدہ زندگی میں خدا کی رحمت سے خوشیاں آجائیں۔ مفتی صاحب میرے شوہر سے شادی کے آٹھ دن تک تو ٹھیک سے جماع ہوا پر اب ان سے ہو ہی نہیں پارہا ہے۔ وہ آج ایک مشہور حکیم کو دکھانے گئے ہیں۔ میں یہ بات کسی کو نہیں بتاپارہی ہوں اور نہ ہی بتانا چاہتی ہوں۔ میں ان سے بہت پیار کرتی ہوں وہ میری زندگی ہیں۔ ان کے ساتھ شادی کے کچھ مہینوں پہلے ان کا پورا پیپے کا کاروبار ختم ہوگیا ہے۔ کیا کریں بہت پریشان ہیں میں بھی ایک سرکاری آفس میں پرائیویٹ نوکری کررہی ہوں۔ ابھی ہماری شادی کو ایک مہینہ بھی نہیں ہوا ہے۔ آپ خدا سے ہمارے لیے دعا کردیجیے او رمجھے اور میرے شوہر کو کچھ پڑھنے کو بتادیجئے ۔آپ جیساکہیں گے ہم لوگ اسی طرح پڑھیں گے۔ میں بہت پریشان ہوں، کچھ اچھا نہیں لگتا میں کیا کروں، میرے لیے دعا کردیجئے۔ مجھے اس کا جواب جلد سے جلد دے دیجئے میں بہت پریشان ہوں آپ کی شکر گزار رہوں گی۔ میری شادی شدہ زندگی میں اللہ تبارک وتعالی خوشیاں عطافرمائے۔

جواب کا متن:


بسم الله الرحمن الرحيم فتوی: 1391=1393/ھ
اللہ پاک خوش گوار زندگی عطا فرمائے، تمام مکارہ سے محفوظ رکھے، سعادت دارین سے نوازے۔ آمین رَبَّنَا ہَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّیّٰتِنَا قُرَّةَ اَعْیُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا (پ:۱۹، سورة الفرقان) اِنَّہ عَلٰی رَجْعِہ لَقَادِرٌ (پ:۳۰، سورة الطارق) اول و آخر درود شریف 11-11 دفعہ اور ان دونوں آیاتِ مبارکہ کو 11-11 مرتبہ ہرنماز کے بعد اور سونے سے قبل باوضو ہوکر اہتمام سے پڑھا کریں، یہی عمل اپنے شوہر کو بھی بتلادیں۔ اللہ تعالیٰ تمام خوشیاں بسہولت وعافیت عطا فرمائے۔ آمین
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :13853
تاریخ اجراء :Aug 29, 2015