میں نے ایک خواب دیکھا ہے ، مہربانی فرماکر تعبیر بتائیں۔ خواب میں دیکھا کہ ایک گھر ہے جس کا چھوٹا سا میدان ہے۔ گھر کے دروازے کے باہر میرے قریبی دوست کے گھر کے باہر کا منظر ہے ، جس میں ایک چبوترہ ہے اور اس پر ایک درخت ہے جس

سوال کا متن:

میں نے ایک خواب دیکھا ہے ، مہربانی فرماکر تعبیر بتائیں۔ خواب میں دیکھا کہ ایک گھر ہے جس کا چھوٹا سا میدان ہے۔ گھر کے دروازے کے باہر میرے قریبی دوست کے گھر کے باہر کا منظر ہے ، جس میں ایک چبوترہ ہے اور اس پر ایک درخت ہے جس کا گھنا سایہ اس چبوترے پر ہے۔ چبوترے پر ایک جھولا ہے، اس میں میری نومولود بیٹی ہے، میں اور میری بیوی گھر کے اندر ہیں۔ ایک دم سے میری بیٹی کی چیخنے کی آواز آتی ہے۔میں بھاگ کر دروازے پر پہنچتا ہوں اور بیٹی کو گود میں اٹھا لیتا ہوں۔ بیٹی بری طرح کانپ رہی ہوتی ہے جیسے کرنٹ لگا ہو۔ میں گھبراہٹ میں رونے کی سی آوازمیں بیوی کو بلاتا ہوں۔ پھر میرے ذہن میں ایک دم سے خیال آتا ہے اور میں خواب میں ہی تین دفعہ درود شریف اور ایک دفعہ آیت الکرسی پڑھتا ہوں اور جیسے ہی بیٹی پر پھونکتا ہوں وہ پرسکون ہوجاتی ہے۔ اسی دوران مجھے باہر سے مسلسل ایک بلی کی آواز آتی رہتی ہے جس سے مجھے خیال آتا ہے کہ شاید میری بیٹی نے بلی کو دیکھا ہواور اس سے شاید ڈر گئی ہو۔ میں خواب میں درود شریف کے بجائے چاروں قل پڑھنا چاہتا تھا لیکن میرے منھ سے درود شریف کے الفاط نکلتے تھے۔ میرے معمول میں صحیح بخاری کی وہ دعا شامل ہے جس میں جس سے بچے کی ہرشر سے حفاظت ہوتی ہے ، یہ دعا حصن حصین سے لی ہے۔ اس کے علاوہ سورہٴ کوثر بھی پڑھ کر پھونکتا ہوں۔ میری بیوی بھی چاروں قل اور آیت الکرسی پڑھ کر بچی پر حفاظت کے لیے پھونکتی ہے۔

جواب کا متن:

بسم الله الرحمن الرحيم
(فتوى: /د = /د)
  اگر آپ نے اپنی بچی کا عقیقہ نہیں کیا ہے تو اسے کردیں۔نیز آیت الکرسی چاروں قل درود شریف کا معمول جاری رکھیں۔ شرعی احکام کی پابندی کے ساتھ کچھ صدقہ و خیرات بھی کردیا کریں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :1344
تاریخ اجراء :Aug 12, 2007