ہماری مسجد میں ایک حوض ہے جس پر بندر آکر روزانہ پانی پیتے ہیں‏، كیا اس پانی سے وضو كرسكتے ہیں؟

سوال کا متن:

ہماری مسجد میں ایک حوض ہے جس پر بندر آکر روزانہ پانی پیتے ہیں، دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس پانی سے وضو کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اور اس وضو سے پڑھی ہوئی نماز کے بارے میں کیا حکم ہے؟ مدلل جواب تحریر فرمائیں، کرم ہوگا۔

جواب کا متن:

بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 753-729/L= 6/1438
اگر آپ کی مسجد کا حوض حوض کبیر دہ دردہ یعنی ۲۲۵/ مربع فٹ ہے تو وہ حوض اس وقت تک ناپاک نہ ہوگا جب تک بندر کے پانی پینے کی وجہ سے اس کے اوصافِ ثلاثہ (رنگ، بو، مزہ) میں سے کوئی وصف نہ بدل جائے؛ اس لیے اگر بندر کے پانی پینے کی وجہ سے کوئی وصف تبدیل نہیں ہوا تو وہ حوض ناپاک نہ ہوگا اور اس حوض سے وضو کرنا درست ہوگا۔ وبتغیر أحد أوصافہ من لون أو طعمٍ أو ریح ینجس الکثیر ولو جاریًا إجماعًا․ (شامي: ۱/۳۳۲) اور اگر وہ حوض صغیر ہے جو مذکورہ بالا مقدار سے کم ہے تو بندر کے پانی پینے کی وجہ سے وہ حوض ناپاک ہوجائے گا اور اس سے وضو کرنا جائز نہ ہوگا اور اس وضو سے پڑھی ہوئی نمازوں کا اعادہ کرنا ضروری ہوگا۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :148987
تاریخ اجراء :Mar 27, 2017