خواب کی تعبیر: عجیب قسم کا جانور

سوال کا متن:

جیسے ہی عشاء کی نماز ہوتی ہے میں نماز پڑھ کر سوجاتی ہوں اور سونے کے تھوڑی دیر بعد ہی یہ خواب دیکھا۔ خواب تھا کہ ایک بہت ملائم سے چیز ہے (وہ ملائم سی چیز بجری کے کلر کی تھی اور سوفٹ سی)جس میں سے ایک جانور نکلا جس کا جسم سانپ کی طرح لمبا اورموٹا تھا، لیکن اس کے بہت سارے پاؤں تھے جیسے کنکھجورے کے ہوتے ہیں، یہ جانور اس نرم چیز سے نکل رہا تھا، تھوڑا سا ہی نکلا تھا کہ اس نرم سی چیز نے اسے اپنے اندر کرلیا ، لیکن وہ باہر نکلنے کے لیے بلبلا رہا تھا، مگر وہ نکل نہیں سکا، پھر میری آنکھ کھل گئی، مجھے قبر کا خیال آیاتو میں نے اللہ سے دعا کی کہ قبر کے عذاب سے بچا۔ اس رات جنوری میں پاکستان ، ہندوستان اور دبئی میں ایک ساتھ زلزلہ آیاتھا، لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا تھا، میں زلزلہ سے ایک منٹ قبل اٹھ گئی تھی، پیاس کی شدت سے پانی پی کر لیٹی تھی کہ زلزلہ آیا ۔ میں نے دورکعات نفل استغفار کی ، دورکعات تہجد اور دو رکعات شکرانے کی نماز پڑھی تو مجھے یہ خواب یاد آیا ، والدہ کو یہ خواب بتانے پر انہوں نے کہا کہ وہ زلزلہ ہی تھا۔ براہ کرم، اس خواب کی تعبیر بتائیں۔

جواب کا متن:


بسم الله الرحمن الرحيم فتوی(ھ): 775=495-5/1432
اس جانور کی ہیبت اورخوفناک شکل وصورت کو ملحوظ رکھ کر والدہ صاحبہ نے جو تعبیر دیدی وہ درست ہے، اس کے بعد دوسری تعبیر کی حاجت نہیں ہے، توبہ استغفار ، نماز ذکر اللہ کی برکت سے بلایا اور مصیبتوں کا ٹل جانا قرآن کریم حدیث شریف سے ثابت ہے، اس کا ظہور بھی خواب کے بعد الحمد للہ ہوگیا۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :31452
تاریخ اجراء :Apr 21, 2011