چھوٹے جماعت خانہ میں اقامت جماعت کے بعد فجر کی سنتیں پڑھنا

سوال کا متن:

ہماری مسجد کا جماعت خانہ چھوٹا ہے ایک صف میں بیک وقت پندرہ مصلین نماز پڑھ سکتے ہیں ایسی ساڑھے تین صفیں بنتی ہیں ۔واضح رہے کہ خارج مسجد حصہ میں بیک وقت صرف تین آدمی نماز پڑھ سکتے ہیں البتہ جماعت خانہ کے اوپر ایک منزل ضرور ہے لیکن لوگ کاھلی یا پیروں میں درد وغیرہ کے سبب اوپر نہیں جاتے ۔یہ بھی واضح رہے کہ دو تین کے علاوہ اکثر مصلیان پابندی سے اقامت کے بعد ہی آتے ہیں نیز جماعت خانہ میں کوئی ستون آڑ وغیرہ نہیں ہے ۔
سوال یہ ہے کہ مذکورہ جماعت خانہ میں اقامت کے بعد فجر کی سنتیں پڑھنا درست ہے یا نہیں ؟

جواب کا متن:


بسم الله الرحمن الرحيم Fatwa ID: 439-439/Sd=8/1436-U
فقہائے کرام نے ایسی مسجد میں جس میں صرف ایک ہی حصہ ہو، فجر کی جماعت شروع ہوجانے کے بعد سنتیں پڑھنے کو مکروہ قرار دیا ہے الا یہ کہ مسجد کا ایک ہی حصہ اتنا بڑا ہو کہ اس کے ایک گوشہ میں سنتیں پڑھنے میں چماعت کی صفوں سے کافی بعد رہے، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں جب کہ مسجد بہت چھوٹی ہے اور اس کا صرف ایک ہی حصہ ہے تو فجر کی جماعت شروع ہونے کے بعد مسجد کے اندر صفوں سے متصل ہوکر سنتیں پڑھنا مکروہ ہے، خارج مسجد یا مسجد کے اوپر کے حصے میں سنتیں پڑھی جاسکتی ہیں۔ (الدر المختار مع رد المحتار: ۲/۵۷، باب ادراک الفریضة، ط: دار الفکر، بیروت، امداد الاحکام: ۱/۶۱۲، کتاب الصلاة، ط: مکتبہ دارالعلوم، کراچی، اعلاء السنن: ۷/ ۱۲۳، جواز سنة الفجر عند شروع الامام في الفریضة، ط: اشرفیہ، دیوبند)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :59576
تاریخ اجراء :Jun 3, 2015