ٹی شرٹ پہن کر نماز پڑھنا کیسا ہے ؟

سوال کا متن:

ٹی شرٹ پہن کر نماز پڑھنا کیسا ہے ؟ اگر مکروہ ہے تو اس پر سوال ہے کہ بہت سے صحابہ ایک چادر میں نماز پڑھا کرتے تھے جبکہ اس کو کوئی مکروہ نہیں کہتا با حوالہ جواب مطلوب ہے شکریہ

جواب کا متن:

بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 618-515/D=07/1440
ٹی شرٹ پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ہے ”ولو صلی رافعا کمیہ إلی المرفقین کرہ“ (قاضیخان، فصل فیما یفسد الصلاة) ۔
اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ایک چادر میں نماز تنگی کی وجہ سے پڑھا کرتے تھے، اس صورت میں کہنیوں کا کھل جانا ضرورت کی وجہ سے تھا، اس کے مقابلے میں ٹی شرٹ پہننا؛ اوّل یہ کہ اسلامی لباس نہیں ہے، نیز اس میں غیروں کے ساتھ مشابہت بھی ہے، جب کہ اس کے علاوہ پورے آستین والے کرتے بہ آسانی فراہم ہوسکتے ہیں، لہٰذا ٹی شرٹ پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ہوا، ہاں کبھی سفر یا گھر سے باہر ٹی شرٹ پہننے کی حالت میں نماز کا وقت آگیا تو اسی حالت میں نماز ادا کرلے، عذر و مجبوری کی وجہ سے کراہت میں کمی ہو جائے گی۔
”عن أبی ہریرة رضی اللہ عنہ أن سائلا سأل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عن الصلاة فی الثوب الواحد، فقال: ”أو لکلکم ثوبان“ (مسلم شریف: باب الصلاة في ثوب واحد:)
اس سے معلوم ہوا کہ حضرات صحابہ میں سے ہر ایک کے پاس دو کپڑے نہیں ہوتے تھے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :169122
تاریخ اجراء :Mar 11, 2019