بی سی (کمیٹی ) ڈالنا شریعت كی نظر میں كیسا ہے؟

سوال کا متن:

بی سی (کمیٹی ) ڈالنا کیسا ہے شریعت میں؟ طریقہ ذیل ہے؛
ہر مہینے لوگ کچھ رقم جمع کرتے ہیں ، پھر قرعہ نکال کر ایک شخص کو دیتے ہیں ، اس طرح پورا سال چلتاہے۔

جواب کا متن:

بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:609-585/sd=8/1440
اگر کمیٹی کی یہ شکل ہوتی ہے کہ ہر مہینے لوگ آپس میں ایک متعینہ رقم جمع کرتے ہیں ، پھر قرعہ کے ذریعے مجموعی رقم ایک شخص کو دے دی جاتی ہے اوروہ شخص بھی بعد میں اپنی قسطیں جمع کرتا رہتا ہے ، اس طرح روپے جمع کرنا اور جس کا نام پہلے نکل آئے اسے مجموعی رقم دیدینا، اس میں کسی کا نمبر پہلے آتا ہے اور کسی کا بعد میں، نیز کسی کو رقم پہلے مل جاتی ہے اور وہ قسطیں بعد میں ادا کرتا رہتا ہے اور کسی کو بعض یا کل قسطیں اداء کرنے کے بعد رقم ملتی ہے ، نتیجة کسی کو اُس کی جمع شدہ رقم سے زائد نہیں ملتی، تو باہمی رضامندی سے اس طرح کا معاملہ کرنا جائز ہے ، یہ باہمی تعاون و تبرع کی ایک شکل ہے ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :169779
تاریخ اجراء :Apr 18, 2019